لاہور (آئی اےن پی) ڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ (ڈی ایم جی) اور پنجاب پولیس کے درمیان اختیارات کی جنگ میں پنجاب پولیس کا پلڑا بھاری ‘پنجاب حکومت نے لوکل گورنمنٹ کے مجوزہ بل سول ایڈمنسٹریشن آرڈیننس 2016میں سیکشن 14 حذف کر دیا جس کے تحت اب پولیس حکام ڈپٹی کمشنر کو جوابدہ نہیں ہوں گے بلکہ دونوں اپنے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کریں گے۔تفصیلات کے مطابق سول ایڈمنسٹریشن آرڈیننس 2016میں ترمیم کرتے ہوئے سیکشن 14 حذف کر دیا ہے اور اس کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت اب پولیس حکام ڈپٹی کمشنر کو جوابدہ نہیں ہوں گے اور دونوں اپنے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پولیس حکام اس تمام معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہے تھے اور گزشتہ روز پولیس افسران نے آئی جی پر یہ واضح کیا تھا کہ اگر یہ بل اسی طرح منظور کر لیا گیا تو وہ اپنے استعفے پیش کر دیں گے ذرائع کا کہنا ہے کہ پر آئی جی پنجاب نے کابینہ میٹنگ میں وزیراعلی کو بتایا کہ پولیس افسران بل میں ڈپٹی کمشنر کو جوابدہی سے متعلق شق پر راضی نہیں ہیں اور معاملہ استعفوں تک پہنچ سکتا ہے جس پر شہباز شریف نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ سیکشن 14 حذف کر دیا جائے گا اور ایسا کر بھی دیا گیا ہے۔ اور سول ایڈمنسٹریشن آرڈیننس 2016میں سے سیکشن 14 حذف کر دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق اس بل کی منظوری کیساتھ بلدیاتی ادارے بھی 2 جنوری سے متحرک ہو جائیں گے۔
