اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے شادی شدہ اسکول ٹیچر کو نوکری کے بہانے بلا کر مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے والے مسلم لیگ (ن) اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔ عدالت نے پولیس کی استدعا پر مقدمے میں نامزد دیگر 3 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیئے۔ سہالہ پولیس نے اتوار کے روز بہاولنگر کی متاثرہ خاتون کی مدعیت میں شراب پلا کر رات بھر جنسی ہوس کا نشانہ بنانے والے 4 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مسلم لیگ (ن) اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری چوہدری توصیف کو گرفتار کر لیا۔ خاتون کی طرف سے درج ایف آئی آر کے مطابق ان کی کھنہ پل کے مقام پر چوہدری توقیر نامی شخص سے ملاقات ہوئی، جس نے ان سے کہا کہ میں رکن قومی اسمبلی کا پرسنل سیکرٹری ہوں اور تمہیں نوکری دلوا دوں گا۔ خاتون نے الزام لگایا کہ چوہدری توقیر نامی شخص نے سہالہ پھاٹک پر نوکری کے بہانے بلایا اور مسلم لیگ (ن) اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل چوہدری توصیف احمد سے ملاقات کرا کر کہا کہ یہ قومی اسمبلی کے رکن ہیں۔