لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ سی پیک ایک اٹل حقیقت بن چکا ہے اور پورے ملک میں اس کے تحت منصوبے لگ رہے ہیں۔ سی پیک منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل ہماری ترجیح ہے اور یہ منصوبے ملک و قوم کی تقدیر بدل دیں گے۔ پنجاب میں مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے اور انہیں مقررہ وقت سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔وہ آج یہاں بیجنگ میں ہونے والے سی پیک کی مشترکہ تعاون کمیٹی کے حوالے سے ڈی بریفنگ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کی جانب سے مشترکہ تعاون کمیٹی میں لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین، ساہیوال کول پاور پراجیکٹ، سولر پارک اور دیگر منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔چینی حکام کا منصوبوں میں رفتار، معیار اور شفافیت پر اطمینان کا اظہار خوش آئند ہے۔سی پیک کے منصوبوں سے چاروں صوبوں کے ساتھ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام بھی مستفید ہوں گے۔ چین کی جانب سے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے میں بعض مشکلات کے باوجود تسلسل کے ساتھ تعاون پر شکرگزار ہیں۔انہو ںنے کہا کہ میٹرو ٹرین کا منصوبہ پورے پاکستان کا منصوبہ ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے عام آدمی کو بین الاقوامی معیار کی جدید سفری سہولتیں ملیں گی۔ میٹرو ٹرین کا منصوبہ امیر اور غریب میں خلیج کم کرنے کا منصوبہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ توانائی منصوبوں کی تکمیل کیلئے بھی چین کے تعاون کے مشکور ہیں۔1320 میگاواٹ کا ساہیوال کول پاور پراجیکٹ مقررہ مدت سے پہلے مکمل ہوگا اور یہ منصوبہ رواں برس کے اوائل میں بجلی کی پیداوار شروع کردے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پر ہونے والی تیز رفتار پیش رفت سے دنیا بھی حیران ہے۔چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا عظیم الشان منصوبہ ہے جو گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ سی پیک نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھول دیئے ہیں اور پاکستان میں اربوں روپے کی چینی سرمایہ کاری سے پاکستان کے عوام کیلئے روزگار کے لا تعداد مواقع پیدا ہو رہے ہیں ۔ سی پیک خطے سے دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے اور غربت میں کمی لانے کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائداعظم اپیرل پارک کے منصوبے کو وقت پر مکمل ہونا چاہیئے۔متعلقہ وزیر اور حکام اس منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھائیں، مجھے صرف کام چاہیئے، نتائج دینا آپ کی ذمہ داری ہے۔چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے مشترکہ تعاون کمیٹی میں کئے جانے والے فیصلوں اور دیگر اہم امور کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے عالمی بےنک کے کنٹری ڈائرےکٹر پچا موتھو الانگو کی سربراہی میں وفدنے ملاقات کی جس میں واٹر سیکٹر خصوصا پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا-وزیر اعلی شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بنک پنجاب حکومت کا ایک مضبوط پارٹنر ہے اور سماجی شعبوںکی ترقی کے حوالے سے عالمی بنک کا کردار لائق تحسین ہے – انہوںنے کہا کہ صاف پانی پروگرام کو آگے بڑھانے کیلئے عالمی بنک کی تکنیکی معاونت کا خیر مقدم کریں گے – انہوںنے کہا کہ پینے کا صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور صوبے کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ایک بڑا پروگرام مرتب کیا گیا ہے -ہمارا مقصد صوبے کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی ہے اور اس ضمن میں عالمی بنک کی مشاورت سے پروگرام کو آگے بڑھائیں گے -وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب حکومت پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب سے اس پروگرام کا آغاز کرنا چاہتی ہے – اس ضمن میں مختلف تجاویز کا جائزہ لیکر جلد حتمی پلان پیش کیا جائے- انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں غیر فعال واٹر سکیموں کو بحال کرنے کے حوالے سے بھی عالمی بنک تعاون فراہم کر سکتا ہے۔ عالمی بنک کے کنٹری ڈائرےکٹر پچا موتھو الانگو نے کہا کہ پنجاب حکومت کو واٹر سیکٹر اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے استنبول کے گورنر واسب شاہین کو ٹیلی فون کیا اور سال نو کے آغاز میں استنبول میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے-وزیر اعلی نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے -وزیر اعلی نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان ، ترک وزیر اعظم ، گورنر استنبول واسب شاہین ، میئر استنبول قادر توپباش اور ترک عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکیا ہے – وزیر اعلی شہباز شریف نے کہا کہ ترکی میں ہونے والے دہشت گردی کے اس واقعہ پر دلی دکھ اور رنج ہوا ہے اور ہم غم کی گھڑی میںاپنے ترک بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں -انہوںنے کہا کہ پاکستان کے عوام کی تمام ترہمدریاں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں- وزیر اعلی نے کہا کہ دہشت گردی کا ناسور عالمی مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کیلئے مربوط اور مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت موثر اقدامات کئے ہیں،سیکیورٹی ادارے مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر اور لاو¿ڈ سپیکر پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد ،جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اورسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کیلئے گشت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لئے بلائے گئے طویل ترین اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے امن وامان کی بہتری کیلئے نہ صرف ٹھوس اقدامات کئے ہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے ،اس لئے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے پولیس جانفشانی سے فرائض سرانجام دے اورسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کیلئے گشت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سٹریٹ کرائمز کی روک تھام کیلئے ڈولفن فورس تشکیل دی ہے۔