سڈنی(ویب ڈیسک ) باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 538 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی۔سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز 538 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔ کھیل کے دوسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نا مکمل اننگز کا آغاز کیا تو میٹ رینشا 167 اور ہینڈس کومب 40 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، رینشا 184 کے انفراد ی اسکور پر عمران خان کی گیند پر بولڈ ہو گئے جب کہ ڈیبیو کرنے والے ہلٹن کارٹ رائٹ کو بھی 477 کے مجموعی اسکور پر عمران خان نے بولڈ کیا، انہوں نے 37 رنز بنائے۔ ہینڈس کومب نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی اور 110 رنز پر وہاب ریاض کی گیند پر ہٹ وکٹ ہو گئے۔میتھیو ویڈ 29 رنز بنا کر اظہر علی کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ مچل اسٹارک بھی 2 چھکوں کی مدد سے 16 رنز بنا کر اظہر علی کا شکار بنے۔ اظہر علی نے ایک ہی اوور میں دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ عمران خان نے 2، وہاب ریاض نے 3 اور یاسر شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔گزشتہ روز آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ڈیوڈ وارنر سے ابتدا ہی سے پاکستانی بولرز کو تگنی کا ناج نچائے رکھا اور صرف 95 گیندوں پر 113 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ عثمان خواجہ 13 اور اسٹیون اسمتھ 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔