تازہ تر ین

پاکستان میں کرکٹ بحال …. بڑی ٹیم دورہ کیلئے راضی

پورٹ آف اسپین( ویب ڈیسک ) ویسٹ انڈیز نے 2 ٹوئنٹی 20 میچز کیلئے پاکستان کا دورہ کرنے پر سوچ بچار شروع کردی،بورڈ کو سیکیورٹی پلان موصول ہو چکا، پی سی بی کی تجویز پر سیکورٹی ماہرین اور پلیئرز ایسوسی ایشن سے رائے مانگ لی گئی، منیجر کرکٹ آپریشن رولینڈ ہولڈر نے کہاکہ ٹور سیکیورٹی کلیئرنس اور پلیئرز باڈی کی اجازت سے مشروط ہے، ممکنہ وینیوز کے معائنے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے حالیہ آئی سی سی میٹنگز کے دوران ویسٹ انڈین بورڈ کو دو ٹوئنٹی 20 میچز کیلیے ٹیم پاکستان بھیجنے پر راضی کرنے کی کوشش کی گئی، اس سلسلے میںسامنے آنیوالی تجویز کے تحت یہ دو میچز 18 اور 19 مارچ کو منعقد ہونگے، ان کا ممکنہ طور پر میزبان لاہور ہوگا، اسکے بعد دونوں ٹیمیں امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاڈر ہل میں اسی طرز کے دو میچز کھیلیں گی۔ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی کہ انھیں پاکستان کی جانب سے دو میچز کی تجویز اور سیکیورٹی پلان موصول ہوچکا ہے۔ ڈبلیو آئی سی بی کے منیجر کرکٹ آپریشنز رولینڈ ہولڈر نے کرک انفو سے بات چیت میں کہاکہ پی سی بی نے ہمیں پاکستان میں دو ٹی 20 میچز کھیلنے کی پیشکش کی ہے، یہ پلیئرز ایسوسی ایشن کی رضامندی اور سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہونگے، ویسٹ انڈین بورڈ کو پی سی بی کی جانب سے ایک سیکیورٹی پلان بھی موصول ہوا جو ہم نے اپنے داخلی سیکیورٹی منیجر، پلیئرز ایسوسی ایشن اور خودمختار انٹرنیشنل سیکیورٹی فرم کو بھجوا دیا جو ہمیں دوسرے ممالک کے حوالے سے سیکیورٹی رپورٹ مہیا کرتی ہے۔انھوں نے کہا کہ کسی بھی فیصلے پر پہنچنے سے قبل بورڈ اور پلیئرز ایسوسی ایشن خود بھی اچھی طرح صورتحال کا جائزہ لینگے کیونکہ ہمارے لیے پلیئرز کی سلامتی سب سے زیادہ اہم ہے۔ سیکیورٹی رپورٹس موصول ہونے اور بورڈ کی جانب سے ممکنہ وینیوز کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain