ممبئی (ویب ڈیسک)بولی وڈ کی رواں ماہ ریلیز ہونے والی فلم ‘رئیس’ کا دوسرا گانا ریلیز کردیا گیا ہے، جس میں ماہرہ خان اور شاہ رخ خان کی شاندار کیمسٹری یقیناً سب کا دل جیت لے گی۔اس سے قبل فلم ‘رئیس’ کا گانا ‘لیلا میں لیلا’ ریلیز کیا گیا تھا، جس میں سنی لیون نے اپنے شاندار ڈانس سے تمام توجہ اپنی جانب مرکوز کرلی تھی، اس گانے کو اب تک 50 ملین کے قریب شائقین دیکھ چکے ہیں۔اور اب نیا رومانوی گانا ‘ظالما’ ریلیز کیا گیا ہے، جس میں شاہ رخ خان کے ساتھ ماہرہ خان بھی جلوہ گر ہوئیں، تاہم یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ اس گانے میں تمام توجہ شاہ رخ کے بجائے ماہرہ خان کو ملے گی۔شاہ رخ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی اسے مداحوں کے ساتھ شیئر کیا اور لکھا، ‘جان سے ظالما تک، امید ہے آپ سب کو گانا پسند آئے گا’۔واضح رہے کہ فلم ‘رئیس’ میں شاہ رخ خان نے ایک گجراتی گینگسٹر، ماہرہ خان نے ان کی اہلیہ جبکہ نوازالدین صدیقی نے پولیس اہلکار کا اہم کردار ادا کیا ہے۔فلم ‘رئیس’ 25 جنوری کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔