اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)اسلا م آباد میں سول جج کی اہلیہ کے مبینہ تشدد سے زخمی ہونیوالی کم سن گھریلو ملازمہ طیبہ کی تلاش میں پولیس نے راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد اور جڑانوالہ کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے اور گھروں کی تلاشی لی لیکن بچی نہ مل سکی،پولیس نے فیصل آباد سے طیبہ کی پھوپھی پٹھانی بی بی کو گرفتار کرلیا۔طیبہ تشدد کیس میں راضی نامہ کے بعد سے بیٹی کو لے کر پر اسرار طور پر لاپتہ ہونے والے والدین کی تلاش میں اسلام آباد پولیس فیصل آباد کے گاوں جڑانوالہ کے چک 380 گ ب پہنچی جہاں سے پولیس نے طیبہ کی پھوپھی کو حراست میں لیا ۔اسلام آباد پولیس نے بچی لے جانے والے والدین کے وکیل کو اسلام آباد کے نواحی علاقے سے گرفتار کر لیا،راجہ ظہور کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وکیل نے پولیس کو بتایا کہ بچی کی والدین کو حوالگی کے بعد اس کا خاندان سے کوئی رابطہ نہیں ہے ۔دعویدار ماں کوثر بی بی نے اپنے دیگر بچوں کی تصاویر پولیس کو فراہم کر دی ہیں۔ادھر کیس میں نیا موڑ آگیا،طیبہ کی دادی نے تھانہ مارگلہ میں درخواست دی ہے کہ اسکی پوتی کو وفاقی پولیس کے افسران، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اہم شخصیات نے اغوا کرلیا۔