لاہور( ویب ڈیسک ) دورہ پاکستان پر آئی ملائیشین کرکٹ ٹیم آج (پیر کو)این سی اے کے خلاف پہلا ون ڈے میچ کھیلے گی۔یہ قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ملائیشین کرکٹ ٹیم مختلف کلبوں سے پانچ ون ڈے میچز کھیلے گی ۔ملائیشیاکی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان 17جنوری کو مکمل ہو جائے گا جس کے بعد کھلاڑی 18جنوری کو واپس ملائیشیاءروانہ ہو جائیں گے ملائیشین کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کو پی سی بی کی بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی کوششوں کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے ۔مہمان ٹیم نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہائی پرفارمنس تربیتی کیمپ میں شرکت بھی کی۔واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے منعقد کی جانے والی ورلڈ کرکٹ لیگ میں ملائیشیا کی ٹیم 2011 سے مسلسل حصہ لے رہی ہے جبکہ آئی سی سی کے دیگر ٹورنامنٹ میں بھی شرکت کررہی ہے۔ملائیشیا کی ٹیم کو آئی سی سی کے ایسوسی ایٹ رکن کا درجہ حاصل ہے جو اس کو 1967 میں ملا تھا۔2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کا سلسلہ منقطع ہوچکا ہے اور اب پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)بحالی کے لیے کوششوں میں مصروف ہے۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے بھی مارچ میں پاکستان آنے کی مشروط حامی بھری ہے دورے سے پہلے سکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے آئی سی سی کا وفد 27مارچ کو پاکستان آئے گا۔ اس دوران دو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے۔