راولپنڈی(ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جان نکولسن نے ملاقات کی جس میں انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے کامیاب آپریشن کو سراہا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جان نکولسن نے ملاقات کی جس میں جنرل قمر باجوہ نے قیام امن کے لیے افغانستان میں امریکی فورسز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جوائنٹ بارڈر سیکیورٹی میکنزم میں امریکی مشن کردار ادا کرسکتا ہے جب کہ افغان فوج کی استعداد کار کو بڑھانے میں آر ایس ایم کا بڑا کردار ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اور جنرل نکولسن نے میران شاہ سمیت وزیرستان کا دورہ کیا جب کہ اس موقع پر انہیں آپریشن ضرب عضب، ٹی ڈی پیز کی واپسی سمیت سماجی و اقتصادی سرگرمیوں میں پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ دورے کے موقع پرجنرل جان نکولسن نے باہمی بارڈر سیکیورٹی تعاون کی ضرورت کو تسلیم کیا اور پاک فوج کے دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشن کو سراہا۔