لاہور (خصوصی رپورٹ) شہر میں تجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات کے خاتمہ کیلئے ریڑھیوں‘ خوانچہ فروشوں اور ڈھابوں کی رجسٹریشن کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ریڑھیوں پر کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹیں لگیں گی۔ یہ انکشاف میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے فورم میں خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ غیرقانونی تعمیرات ناسور کی حیثیت رکھتی ہیں۔ جو اتھارٹیز ان کے خلاف کام کر رہی ہیں‘ بلدیہ عظمیٰ لاہور کو اس پر اعتراض نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ ضلع بھر میں صفائی مہم شروع کی جا رہی ہے۔ بلدیاتی اداروں کے اکاﺅنٹس عارضی منجمد کئے گئے ہیں تاہم کسی ٹھیکیدار کے بقایاجات نہیں روکے جائیں گے۔ کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔ کرنل (ر) مبشر جاوید نے مزید کہا کہ غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کو ختم کر کے دم لیں گے۔ ارکان اسمبلی سے مل کر تعمیروترقی کے عمل کو جاری رکھا جائے گا۔ جو اتھارٹیز بنائی گئی ہیں ان پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے کیونکہ یہ بھی عوام کی خدمت کر رہی ہیں‘ جو ریڑھیاں یا ڈھابے لگائے جاتے ہیں ان کی بھی رجسٹریشن کیٹیگری کے مطابق کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خاتمہ‘ غیرقانونی بینرز اور ہورڈنگز کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ غیرقانونی تعمیرات اب برداشت نہیں ہوں گی۔ اس حوالے سے افسروں کو وارننگ دے دی ہے۔ تعمیراتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ہائی لیول ڈیزائن کمیٹی کو مزید فعال بنائیں گے۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے مل کر یونین کونسلوں کے نمائندوں کو شامل کر کے ان کی نگرانی میں ضلع بھر میں صفائی مہم شروع کر رہے ہیں۔ لاہور کو خوبصورت اور صاف ستھرا شہر بنائیں گے۔ کرنل (ر) مبشرجاوید نے کہا کہ لاہور میٹرو پولیٹن کارپوریشن میں زونز بنانے کے فیصلہ یا متبادل تجویز فائنل ہونے کے بعد ڈپٹی میئرز کو علاقے تقسیم ہو جائیں گے۔ فی الحال عارضی طور پر کام چلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کل ڈپٹی میئرز کی میٹنگ بلائی ہے‘ تمام محکموں کے درمیان کوآرڈی نیشن کو بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ٹی ایم اوز کو بھی کہا ہے کہ وہ تنخواہیں لے رہے ہیں‘ ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہ بیٹھیں اور اپنا کام جاری رکھیں۔
کرنل (ر) مبشر جاوید
