اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ نواز شریف نے سچائی چھپانے میں مہارت حاصل کر لی ہے ‘ ملک کی معیشت سے متعلق بھی حقیقت چھپائی جا رہی ہے ‘ مخدوم علی خان جو کتابیں پڑھ رہے ہیں ان کا کیس سے کوئی تعلق نہیں‘ مسلم لیگ (ن) کو اپنا نیا وزیر اعظم منتخب کرنا چاہیے ‘ وزیر اعظم وسائل رکھتے ہیں‘ لندن جا کر بی بی سی پر کیس دائر کریں ۔ پیر کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ترجمان نعیم الحق نے کہا کہ سپریم کورٹ بار کے ساتھ دھوکہ کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ نواز شریف نے سچائی چھپانے میں مہارت حاصل کر لی ہے۔ ہر معاملے میں حقیقت چھپائی جا رہی ہے ۔ ملک کی معیشت سے متعلق بھی حقیقت چھپائی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس کا تاریخی فیصلہ اسی ہفتے آئے گا۔ تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ مخدوم علی خان کہہ رہے ہیں کہ عدالت سچ تک نہ پہنچے۔ مخدوم علی خان جو کتابیں پڑھ رہے ہیں ان کا کیس سے کوئی تعلق نہیں بنتا۔ مخدوم علی خان کے دلائل کے دوران لوگ سو رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنا نیا پارلیمانی لیڈر منتخب کر لے۔ بی بی سی او رآئی سی آئی جے کو عدالت میں کیوں نہیں لے کر جا رہے؟ ۔ وزیر اعظم وسائل رکھتے ہیں لندن جا کر بی بی سی پر کیس دائر کریں۔