ماسکو (خصوصی رپورٹ) روس نے دنیا کی ایسی خطرناک توپ تیار کرلی ہے جو بجلی استعمال کرتے ہوئے آواز کے مقابلے میں دس گنا زیادہ رفتار سے گولا داغ کر مضبوط سے مضبوط ہدف کو بھی پلک جھپکنے میں راکھ کا ڈھیر بنا سکتی ہے۔ روسی ویب سائٹ سائنٹیفک رشیا کے مطابق گزشتہ دنوں اس بجلی بھری توپ (الیکٹرو مکینک ریل گن) سے تجرباتی طور پر تین کلو میٹر فی سیکنڈ کی زبردست رفتار سے پلاسٹک کے گولے داغے گئے جنہوں نے المونیم کی موٹی چادر کے پرخچے اڑا دیئے۔ روسی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت دنیا میں کوئی بنکر یا فولادی بکتر ایسا نہیں جو تین کلو میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے ٹکرانے والے گولے کے سامنے ٹہر سکے۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ روسی ساختہ الیکٹرو مکینک ریل گن کے منصوبے کو پختہ ہوکر قابل استعمال بننے میں ابھی مزید کئی سالہ تحقیق کی ضرورت ہے۔