لاہور ( آن لائن ) پی سی بی نے ٹیم پر بوجھ بننے والے کھلاڑیوں سے جان چھڑانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اظہر علی بطور ون ڈے کپتان اپنا آخری میچ کھیل چکے ہیں، اب وکٹ کیپر سرفراز احمد کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں ون ڈے کپتان مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔ پی سی بی نے 35 برس سے زائد عمر کے کرکٹرز کو فارغ کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔ مصباح الحق، یونس خان، محمد حفیظ اور شعیب ملک زندگی کی 35 بہاریں دیکھ چکے ہیں۔ مصباح الحق کی خدمات کو دیکھتے ہوئے ٹیسٹ کپتان کو ویسٹ انڈیز کے دورے تک مہلت مل سکتی ہے۔ 42 سالہ کپتان پی ایس ایل میں اپنی فٹنس اور فارم کا جائزہ لینے کے بعد پی سی بی کو ریٹائرمنٹ کے بارے میں بتائیں گے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق یونس خان کو بھی مزید مواقع دینے کے حق میں نہیں ہیں۔ ان تبدیلیوں کا مقصد ورلڈ کپ 2019ئ کے لیے مضبوط ٹیم بنانا اور ڈومیسٹ کرکٹ میں پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کو موقع دینا ہے۔