تازہ تر ین

وزیراعظم پر الزام لگانے والے سن لیں …. شہباز شریف کی دبنگ وارننگ

لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزےراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشرےف نے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر کراچی سے کوئلے کی پہلی کھیپ لے کر آنے والی ٹرین کا خیر مقدم کیا۔ وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق ، صوبائی وزراءچوہدری شیر علی، ملک ندیم کامران، چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن، اراکین اسمبلی، چینی انجینئرز اور ورکرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کراچی سے کول پاور پلانٹ ساہیوال کیلئے کوئلہ لانے والی پہلی ٹرین کے پہنچنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے جب کراچی سے 12ہزار ٹن کوئلہ ساہیوال کول پاو رپلانٹ کیلئے قادر آباد پہنچا ہے۔ یہ اس خواب کی تعبیر کی جانب اہم قدم ہے جو وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف نے ملک سے اندھیرے دور کرنے کیلئے دیکھا تھا۔ ساہیوال کول پاو رپلانٹ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کا منصوبہ ہے اور وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں سی پیک کے تحت مہران کی وادیوں، بلوچستان کے سنگلاخ اور خیبرپختونخوا کے برف پوش پہاڑوں ، پنجاب کے میدانی علاقوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں منصوبے لگ رہے ہیں۔ محنت، امانت، دیانت اور جہد مسلسل کی نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے۔ چین پاکستان میں 52 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے جو وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ چین میں تیل یا گیس کے ذخائر نہیں اور نہ ہی پیسے درختوں پر لگتے ہیں بلکہ یہ چین کے عوام کی محنت کی کمائی ہے جو انہوں نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے 20 کروڑ عوام کے قدموں پرنچھاور کردی ہے تاکہ پاکستان قائداعظمؒ کے تصورات کے مطابق معاشی طور پر آزاد ملک بنے، دنیا کے نقشے پر طاقت ور ملک بن کر ابھرے، پاکستان سے غربت ختم ہو اور اندھیرے دور ہوں، زراعت، صنعت ترقی کرے اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور پاکستان اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو۔ یہی پاکستان کے وزیراعظم محمد نوازشریف کا خواب تھا جسے تعبیر دینے کیلئے چین نے بھرپور مدد کی ہے۔ میں چین کے صدر، وزیراعظم اور چینی کمپنیوں کا بے حدممنون ہوں جو اس خواب کو تعبیر دینے میں ہماری مدد کر رہے ہیں۔ میں پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ قمر جاوید باجوہ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جو سی پیک کے منصوبوں کی تکمیل میں بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین بلکہ یہ کہنا زیادہ مناسب ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے مخالفین یہ کہتے تھکتے نہیں تھے کہ حکومت نے بڑے مہنگے قرضے لئے ہیں۔ میں ایک بار پھر واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ یہ قرضے نہیں بلکہ چین کی سوفیصد سرمایہ کاری ہے اور یہ ہمیشہ یہاں رہنی ہے۔ سرمایہ کار نے اپنا سرمایہ لگا کر ہمیں بجلی دینی ہے اور اپنا منافع حاصل کرنا ہے۔ پاکستان کو اندھیروں کے گرداب سے نکالنے کا یہی بہترین ماڈل ہے اور اس کا سوفیصد کریڈٹ وزیراعظم پاکستان کو جاتا ہے۔ سی پیک کے تحت تمام منصوبے شفافیت اور برق رفتاری سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے علاقوں جھنگ، شیخوپورہ اور بلوکی میں لگنے والے 3600 میگاواٹ کے گیس پاور پراجیکٹس بھی اسی سال مکمل ہوں گے اور ان منصوبوں میں 112 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے۔ یہ ہے ان سیاسی مخالفین کیلئے جواب جو وزیراعظم پر کرپشن کے بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔ کیا کوئی کرپٹ لیڈر قوم کے اربوں روپے اس طرح بچاتا ہے جس طرح نوازشریف نے قومی وسائل بچائے ہیں۔انہو ںنے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کی گئی ہے۔ کیا کوئی کرپٹ لیڈر قوم کے اربوں روپے کی اس طرح بچت کرتا ہے، کیا کوئی کرپٹ لیڈر قوم کے وقت کو اس طرح بچاتا ہے، کیا کوئی کرپٹ لیڈر منصوبوں میں اس طرح کی شفافیت یقینی بناتا ہے۔ یہ منصوبہ مئی یا جون میں مکمل ہوگا جس سے دنیا کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا کیونکہ دنیا کی تاریخ میں 1320 میگاواٹ کا منصوبہ اتنے مختصر وقت میں مکمل نہیں ہوا۔ انہو ںنے کہا کہ ماضی میں پاکستان کو بیدردی سے لوٹا گیا ہے اور قومی وسائل لوٹنے والے آج کرپشن کے خاتمے کی باتیں کرتے ہیں۔ایک طرف وہ ہیں جو دن رات کرپشن پر لیکچر دے رہے ہیں، ان کے سوئس بینکوں میں پڑے 60 ملین ڈالر پکار پکار کر کہہ رہے ہیں کہ ہمیں یہاں سے لے جاﺅ اور پاکستان کے غریب عوام کی ترقی و خوشحالی پر خرچ کرو اور ہمیں یہاں سے نکال کر سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور دیگر علاقوں میں صحت، تعلیم، سڑکوں اور دیگر منصوبوں پر صرف کیا جائے۔ دوسری طرف قرضے معاف کرانے والے چیلنج دے رہے ہیں کہ میں نے جواب نہیں دیا۔ میں ان کو بھرپور او رمکمل جواب دے چکا ہوں اور اگر ضرورت پڑی تو ان کے خلاف عدالت میں خود کھڑا ہوں گا۔ انہوں نے اربوں روپے کے قرضے معاف کرائے، پنجاب بینک پرڈاکے ڈالے اور الزامات اس قیاد ت پر لگا رہے ہیں جو عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے اور پاکستان بھر میں نہایت شفاف انداز سے عوام کی ترقی کے منصوبے مکمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے جا رہا ہے۔ اتنی گنجائش کے منصوبے اتنے کم وقت میں تو چین میں بھی مکمل نہیں ہوئے۔ ساہیوال کول پاو رپلانٹ امریکہ سے زمبیا تک تیز رفتاری سے منصوبے مکمل ہونے کے تمام ریکارڈ توڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم پاور پراجیکٹ 2002 میں شروع ہوا تھا اور 16 سال گزرنے کے باوجود آج بھی نامکمل ہے اور اس کی لاگت بھی 800 ملین ڈالر سے بڑھ کر 5 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے اور اس منصوبے کی تاخیر کی وجہ سے جو لاگت بڑھی ہے اس سے ساہیوال کول پاو رپلانٹ جیسے 3 منصوبے لگائے جاسکتے تھے۔ اسی طرح نندی پور پاور پراجیکٹ کی مشینری بھی 4 سال تک کراچی بندرگاہ پر گلتی سڑتی رہی۔ گدو پاور پلانٹ 5 سال کی مدت میں مکمل ہوا تھا جبکہ گیس کی بنیاد پر لگنے والے 3600 میگاواٹ کے بجلی کے منصوبے 27 ماہ میں مکمل ہونے جا رہے ہیں اور ایسی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہو ںنے کہا کہ سیاسی مخالفین نے 2014 میں بلاجواز دھرنے دیئے اور اس صورتحال کو دیکھ کر افسر شاہی نے بھی فائلیں بند کردی تھیں کہ شاید حکومت جانے والی ہے۔ ان دھرنوں نے پاکستان کی ترقی کا راستہ روکا اور ملک کو تباہی کے دہانے پرلاکھڑا کیا تھا۔ اسلام آباد کو لاک ڈاﺅن کرنے کی ناپاک سازش سے اللہ تعالیٰ نے قوم کو بچایا۔ ملک کی ترقی کا راستہ روکنے والوں اور بیدردی سے قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والوں کو وزیراعظم نوازشریف پر الزام تراشی کی بجائے اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہیئے۔ وزیراعظم نے تو ملک و قوم کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کیلئے اپنا دن رات ایک کر رکھا ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی شفاف تکمیل کے ذریعے قوم کے اربوں روپے کے وسائل بچا کر اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ ساہیوال کول پاور پلانٹ ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے جا رہا ہے جس پر میں چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ضلعی انتظامیہ، پولیس حکام، چینی کمپنیوں، چینی انجینئرز اور ورکرز کا ممنون ہوں جن کی کاوشوں سے خواب کو تعبیر ملنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوری اور فروری کے مہینوں میں چینی قوم اپنے نئے سال کی خوشیاں مناتی ہے لیکن ہزاروں چینی انجینئرز اور ورکرز اپنی خوشیاں قربان کرکے پاکستان کے عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے منصوبے پر کام کر رہے ہیں او ران کا یہ جذبہ لائق تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وفاقی سیکرٹری، متعلقہ وفاقی اداروں او رپنجاب حکومت کی پوری ٹیم کا شکرگزار ہوں کہ جن کے تعاون اور محنت سے یہ منصوبہ مکمل ہو رہا ہے۔ وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف قومی ترقی کیلئے دیکھے گئے خوابوں کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہم پر اور ریلوے پر اعتماد کیا اور ہم اس پر پورا اترے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے اپنی محنت، عزم اور جوش سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ اس منصوبے کیلئے کوئلہ کراچی سے لانے کے حوالے سے ریلویز کو 30 سال کا بزنس ملا ہے اور انشاءاللہ ریلوے ترقی کرے گا اور منافع کمائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر رکاوٹوں، مشکلات اور سازشوں کے باوجود وزیراعظم کی قیادت میں سیدھے راستے پر سفر جاری رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف کا مقابلہ کرنا ہے تو کارکردگی میں کریں، باتوں سے نہیں۔وہ نہ خود رات کو سوتے ہیں اورنہ ان کی ٹیم۔ باتیں کرنے والے پہلے اپنے صوبے پر توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جس تیز رفتاری سے منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیںاسے پنجاب سپیڈ کہا جاتاہے اور میں سمجھتا ہو ںکہ یہ پنجاب سپیڈ دراصل ”شہباز سپیڈ“ ہے۔ چین کے قونصل جنرل ڈونگ بن نے کہا کہ ساہیول کول پاو رپراجیکٹ کے اہم اہداف کو انتہائی مختصر مدت میں حاصل کئے گئے ہیں اور یہ منصوبہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں اضافے کا باعث بنے گا۔بلاشبہ آج اہم سنگ میل عبور کیا گیا ہے۔ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سونگ تاجی نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی جانب سے اس منصوبے کیلئے غیرمعمولی تعاون ملا ہے۔ پاکستان اور چین کی دوستی میں آج ایک نیا سنگ میل عبور کیا گیا ہے جس کا کریڈٹ وزیراعلیٰ شہبازشریف کو جاتا ہے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف کی ولولہ انگیز قیادت میں منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل وہ شاندار کارنامے ہیں جنہیں پاک چین دوستی میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ساہیوال میں 1320 میگاواٹ کے کول پاو رپراجیکٹ کا دورہ کیا اور منصوبے کے کنٹرول روم کا معائنہ کرنے کے ساتھ گیس ٹربائنز اور جنریٹر روم کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے پر اتنہائی تیز رفتاری سے پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے پر کام کرنے والے چینی انجینئرز اور ورکرز سے ملاقات کی اور قومی تعمیر کے اہم منصوبے کے حوالے سے ان کی محنت اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ اس منصوبے کی تکمیل سے اندھیرے دور ہوں گے اور جب یہ منصوبہ مکمل ہوگا تو محمد نوازشریف بھی یہاں آکر آپ کو انعام دیں گے اور مبارکباد دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے 1320 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی اور نیشنل گرڈ میں جائے گی۔ کراچی پورٹ سے قادر آباد تک ریلوے کے ذریعے کوئلے کی ترسیل کا آغاز ایک اہم سنگ میل ہے اور اس ناممکن کام کو ٹیم ورک کے ذریعے ممکن بنایا گیا ہے۔ کوئلے کی ترسیل کا کام انتہائی مختصر مدت میں مکمل کیا گیا ہے جبکہ ریلوے نظام کے ساتھ پل بنانے کیلئے میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا شکرگزار ہوں۔ مشکلات کے باوجود آج پہلی ٹرین اس پل سے ہو کر یہاں پہنچی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سی پیک کے منصوبوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہو ںنے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں سی پیک کے منصوبے پاکستان بھر میں لگ رہے ہیں۔ امانت دیانت اور محنت کی نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے۔انہو ںنے کہا کہ یہ منصوبہ 180 ارب روپے کا ہے اور یہ سرمایہ کاری سوفیصد چین کی ہے۔ وزےراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشرےف کی زےر صدارت آج یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہو اجس میں ہسپتالوں میں رجسٹر ڈ سٹنٹ کا استعمال یقینی بنانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیاگیا-وزیر اعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان پر انحصار کرنے کی بجائے پنجاب حکومت کو اپنا نظام لانا ہو گا اوراس حوالے سے وفاقی حکومت کو خط لکھا جائے اور جلد پلان مرتب کیا جائے- وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں رجسٹرڈ سٹنٹ کا استعمال ہرصورت یقینی بنایا جائے اور غیر رجسٹرڈ سٹنٹ کا استعمال انتہائی افسوسناک اور غیر قانونی ہے – وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اتفاق ہسپتال گئے۔وزیر اعلی نے ہسپتال میں زیر علاج صوبائی وزیر بلدیات منشاءاللہ بٹ کی عیادت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاکی- وزیر اعلیٰ نے منشاءاللہ بٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں گلدستہ دیا۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain