لاہور/راولپنڈی (بیورو رپورٹ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فو ج ہمیشہ عوام کی توقعات پر پورا اترے گی، سرحد پار کی ہر قسم کی مہم جوئی کا جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہیں، جنگ بندی کی خلاف ورزیاں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔ آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے لاہور گیریژن اور رینجرز ہیڈکواٹرز کا دورہ کیا۔ لاہور آمد پر کور ہیڈکوارٹرز اور رینجرز ہیڈکوارٹرز میں آرمی چیف کو سرحدی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔دورے کے دوران آرمی چیف نے جوانوں اور افسروں سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ پاکستان کے عوام ہماری اصل طاقت ہیں، پاک فوج ہمشہ عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پار سے کوئی بھی مہم جوئی کی گئی تواس کاجواب دینے کےلئے پوری طرح تیار ہیں۔ آرمی چیف نے اس موقع پر بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دینے پر اطمینان کا اظہار بھی کیا ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم جاری رکھا ہوا ہے اورسیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی بھارتی مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ رینجرز اور فوج داخلی سکیورٹی خدشات پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار پر قوم کو فخر ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے ورکنگ باو¿نڈری پر سیز فائر خلاف ورزیوں کا بھر پور جواب دینے پر پنجاب رینجرز کو سراہا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کو پوری عوام کا تعاون حاصل ہے، پاک فوج اور رینجرز پنجاب نے داخلی سلامتی کے خطرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، قوم دہشتگردی، انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی خدمات کو تسلیم کرتی ہے۔