تازہ تر ین

مصطفی کمال کا حکومت سے الطاف اور” را“ بارے بڑا مطالبہ سامنے آگیا

کراچی(اے این این) متحدہ قومی موومنٹ کے مزید 6 ذمہ داران، 3 سیکٹر اور جوائنٹ سیکٹر انچارج کمال کے قافلے میں شامل ہو گئے ہیں ۔ مصطفی کمال نےشہر قائد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، پارٹی میں کام کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور کامیاب جلسے پر ہر بھائی، بہن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کو بہتر بنانے کی جدوجہد کرتے رہیں گے، کراچی کے عوام کے حق کی بات کرتے رہیں گے۔ مصطفی کمال نے دعوی کیا کہ لوگوں کا ریلا ہمارے پاس آ رہا ہے، متحدہ کے 6 ذمہ داران بھی ہمارے پاس آئے ہیں اور 3 موجودہ سیکٹر اور جوائنٹ سیکٹر انچارج پی ایس پی میں شامل ہوئے ہیں۔ مصطفی کمال نے یہ دعوی بھی کیا کہ مختلف جماعتوں کے 64 نمائندے پی ایس پی میں شامل ہو گئے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ متحدہ لندن اور پاکستان کے ڈرامے کو اچھی طرح سمجھتا ہوں، مختلف جماعتوں کے 300 سے زائد ذمہ داران ہمارے پاس آ رہے ہیں،سلیم شہزاد کی وطن واپسی کا علم نہیں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنی تحریک کے 15 اور پیپلز پارٹی کے 14 ذمہ داران پی ایس پی میں شامل ہو چکے ہیں جبکہ ن لیگ کے 6 عہدیدار بھی پی ایس پی میں شامل ہو گئے ہیں۔سید مصطفی کمال نے اپنے مطالبات کو دہراتے ہوئے کہا کہ کے فور فیز ون کیساتھ فیز ٹو کو آج ہی شروع کیا جائے کیونکہ فیز ٹو شروع کئے بغیر پانی کا شارٹ فال ختم نہیں ہو گا۔ انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ پانی کی مین لائنوں پر قائم ہائیڈرنٹس بند کئے جائیں۔مصطفی کمال نے یہ بھی کہا کہ حکمران ہماری باتوں کو سیریس لیں، کسی کیخلاف سازش نہیں کر رہا، اچھے کام ہوں گے تو تعریف کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ توبہ کرنے والوں پر دروازے بند نہیں کرنے چاہیں۔انہوں نے دعوی کیا کہ پی ایس پی میں آ کر کوئی غلط کام نہیں کرے گا، اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا جائے۔مصطفی کمال نے حکومت کو ایک بار پھر یاد دلایا کہ ہمارے مطالبات کی ڈیڈ لائن میں 26 دن رہ گئے ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا شفاف مردم شماری میں بھی حکمران ڈرامے بازی کریں گے؟ انہوں نے اپیل کی کہ خدا کے واسطے فتنہ ڈال کر پاکستان کیساتھ یہ کھلواڑ نہ کریں، جو جہاں جتنی تعداد میں ہے، اسے صحیح گنا جائے۔مصطفی کمال نے یہ دعوی بھی کیا کہ اگر حکمرانوں کا ہمارے مطالبات ماننے کا موڈ نہیں ہے تو 30 دن بعد بنا دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی ہماری بات سن رہے ہیں بعد میں مانیں گے بھی۔متحدہ بانی کے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کا کیس حکومت نے لوز کر دیا ہے، بھارت پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگاتا ہے جبکہ بھارت متحدہ بانی کیوجہ سے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں میئر کے اختیارات میئر کے پاس ہونے چاہیئں ۔ انہوں نے وزیراعلی سے سوال کیا کہ اگر وزیراعظم آپ کے اختیارات لے لیں تو آپ کیا کریں گے ؟ آپ خاموشی سے بیٹھ جائیں گے یا تلملائیں گے ؟ انہوں نے وزیر اعلی کو مشورہ دیا کہ آپ سپر وژن کریں، آپ کا کام نہیں نالوں کی صفائی کرنا، پرائمری اسکول کی تعلیم دیکھنا ، اسپتالوں میں ڈسپنسری دیکھنا۔ مصطفی کمال کا یہ بھی کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں لوگ ان کی پارٹی میں شامل ہورہے ہیں، انہوں نے دعوی کیا کہ مختلف جماعتوں کے 300 سے زائد ذمہ داران ان کے پاس آرہے ہیں ، جن میں 200 سے زائد کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے ۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain