ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ میں ریکارڈ توڑ کمائی کرنے والے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے کہا کہ فلم ”دنگل“ اور ”پی کے“ کے ریکارڈ توڑ بزنس کے باوجود باکس آفس کا کنگ نہیں ہوں۔بالی ووڈ اسٹار عامر خان سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اداکار ہیں جن کی فلم”دنگل“ 385 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے ریکارڈ بنا چکی ہے جب کہ مسٹر پرفیکشنسٹ کو باکس آفس کا کنگ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا لیکن مسٹر پرفیکشنسٹ نے خود کو باکس آفس کنگ ہونے سے انکار کردیا ہے۔عامر خان کا اپنے انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ میں نے آج تک کوئی بھی فلم بزنس کے لیے نہیں سائن کی بلکہ جو بھی اسکرپٹ میرے دل کو چھوا اس فلم میں کام کرنے کی حامی بھری جب کہ میں نے ” تارے زمین پر“،” تھری ایڈیٹس“، ”رنگ دے بسنتی“ اور ”سرفروش“ سائن کی تو یہ نہیں سوچا تھا کہ یہ فلمیں اچھا کاروبار کریں گی۔بالی ووڈ مسٹر پرفیکشنسٹ نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم ”دنگل“ سے متعلق کہا کہ میں نے فلم میں عمردراز اور بھاری بھرکم پہلوان کا کردار نبھایا جس کی کہانی رومانوی نہیں ہے اور نہ ہی اس میں کوئی ایسا گیت ہے لیکن پھر بھی فلم بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔ عامر خان کا کہنا تھا کہ فلم ”دنگل“ اور ”پی کے“ کے ریکارڈ توڑ بزنس کے باوجود میں باکس آفس کا کنگ نہیں ہوں بلکہ میں صرف اپنی بیوی (کرن راو¿) کا کنگ ہوں۔واضح رہے کہ عامر خان کی”دنگل“ 385 کروڑ کمائی کے ساتھ پہلے اور ”پی کے“ 340 کروڑ بزنس کے ساتھ دوسری سب سے زیادہ کمائی والی فلم ہے۔