اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے پروگرام پر پابندی عائد کر دی۔نجی ٹی وی کے مطابق جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے پیمرا کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے نجی ٹی وی کے اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے پروگرام پر تاحکم ثانی پابندی عائد کر تے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر حکم کے باوجو د پروگرام نشر کیا گیا تو توہین عدالت تصور ہو گی۔دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ حکم کی خلاف ورزی پر چینل انتظامیہ اور اینکر کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ پرگرام روکنے کا حکم دیا گیا تھا مگر ناجائز فائدہ اٹھایا گیا۔چیئرمین پیمرا بصار عالم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے واضح ہو گیا کہ ملک میں نفرت انگیز تقریر برداشت نہیں ہو گی ، سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی پر ذمہ داروں کیخلاف توہین عدالت کا مقدمہ چلے گا اور نفرت انگیز تقریر پر پیمرا بھی سخت ایکشن لے گا۔