لاہور(ویب ڈیسک)صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی کوشش ہے کہ اداروں کو چلنے نہ دیا جائے لیکن پی ٹی آئی کے منفی ایجنڈے کو شکست دینگے ، پی ٹی آئی اور پاٹ میں کوئی فرق نہیں ، بسنت کی اجازت ہے لیکن پتنگ بازی کی نہیں ۔ان خیالات کا اظہار وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف ملک کی جمہوری روایات کو ختم کر نے پر تلی ہوئی ہے ، عمران خان کی کوشش ہے کہ اداروں کو چلنے نہ دیا جائے لیکن مسلم لیگ (ن)پی ٹی آئی کے اس منفی ایجنڈے کوشکست دے گی اور ملک ترقی کی جانب بڑھتا رہے گا۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف اور پاٹ میں کوئی بھی فرق نہیں ہے ، پہلے سانحہ ماڈل ٹاﺅن میں ایف آئی آر پندرہ ملزموں کے خلاف کٹائی لیکن اب استغاثہ میں 100سے زائد نام ڈال دیے گئے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں رانا ثناءاللہ نے کہاکہ قتل کے فیصلے اگر پنچایت کرے گی تو یہ ٹھیک نہیں ہو گا ہاں البتہ جھگڑوں کا فیصلے کرنا پنچایت کے لئے ٹھیک ہیں ۔رانا ثناءاللہ نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ پنجاب میں بسنت کی اجازت ہے جس طرح سے بھی منائی جائے لیکن صرف ایک پتنگ بازی نہ کی جائے کیو نکہ اس سے قیمتی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہوتا ہے۔