ممبئی(ویب ڈیسک) کرینہ کپور نے ماں بننے کے صرف 46 دن بعد ہی شوبز کی دنیا میں دوبارہ قدم رکھ دیا اورایک فیشن شو میں ریمپ پر واک کرتے ہوئے دکھائی دیں۔بالی ووڈ کی صف اول کی اداکارہ کرینہ کپور نے متعدد بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جب کہ اداکارہ نے 2012 میں اداکار سیف علی خان سے شادی کی اور حال ہی میں ایک بچے کو جنم دیا لیکن اس دوران انہوں نے فلم انڈسٹری سے دوری اختیار نہیں کی اور اپنا کیریئر جاری رکھا، دوران حمل بھی اداکارہ نے مختلف فیشن شو میں ریمپ پر واک کر کے سب کو حیران کیا۔ایک انٹرویو میں کرینہ کپور نے کہا تھا کہ وہ بچے کی پیدائش کے باوجود بالی ووڈ سے چھٹیاں نہیں لیں گی اور فلمی کیریئر جاری رکھیں گی جب کہ اب انہوں نے بچے کی پیدائش کے صرف 46 دن بعد ہی ” انیتا ڈونگرے“ کے فیشن ویک کے فائنل میں بطور شوسٹاپر شرکت کی جس میں وہ گولڈ اینڈ وائٹ ڈریس میں ریمپ پر واک کرتے ہوئے دکھائی دیں۔تقریب کے بعد کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ صرف 46 دن بعد ہی کام کرنا مجھے بہت اچھا لگ رہا ہے۔ دراصل میرا مقصد صرف کام کرنا ہے جو میرے ڈی این اے میں شامل ہے اور میری زندگی کا حصہ بن چکا ہے جو کبھی تبدیل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا یہ تقریب بھارتی خواتین کی آزادی کے لیے بے حد متاثر کن ہے کہ وہ کام کرتی رہیں۔ تقریب میں جوہی چاولہ، لارا دتہ، شبانہ اعظمی اور پوجا ہیکڈے نے بھی شرکت کی۔