لاہور (خصوصی رپورٹ) حکومت کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں کے ”ریونیو جنریشن“ شعبہ جات کو نجی کمپنیوں کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس تناظر میں غیرملکی نجی کمپنیوں پر اظہار اعتماد کرلیا گیا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں بڑے سرکاری ہسپتالوں کے ایکسرے ڈیپارٹمنٹ‘ ای سی جی‘ ایم آر آئی‘ سی ٹی سکین سمیت دیگر تشخیص ٹیسٹ کی کلینکل لیبارٹریز کو نجی کمپنیوں کے سپرد ٹھیکہ کی بنیاد پر دیا جارہا ہے تاہم یہ ٹھیکہ لیز کی طرز پر طویل مدد کے لئے دیا جائے گا جس کے لئے غیرملکی خواہشمند نجی کمپنیوں سے رابطہ کیا گیا ہے اور اس ضمن میں صوبائی وزراءصحت‘ سیکرٹرییز صحت و دیگر حکومت یک ہدایت پر برق رفتاری سے کام کررہے ہیں۔ اس حوالے سے مختلف سرکاری ہسپتالوں کے آفیشل ذرائع نے بتایا ہے کہ پہلے مرحلے میں ہسپتالوں کی صفائی ستھرائی کا ٹھیکہ نجی مقامی کمپنیوں کو دیا جاچکا ہے جس سے ملازمین میں اضطراب بڑھ گیا ہے کیونکہ ان شعبہ جات کو ٹھیکہ پر دیئے جانے کے بعد سرکاری ہسپتالوں کو مجموعی طور پر حیثیت نج کاری کی طرز پر تصور کی جائے گی اور عوام کو مفت علاج کی سہولت ختم ہوجائے گی۔