دبئی(ویب ڈیسک) رنگ ونور کے سیلاب میں پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز آج سے ہوگا اور افتتاحی تقریب میں جمیکا کے شیگی اپنی آواز کا جادو جگائیں گے اورعلی ظفر ’دیسی‘ ٹچ لگائیں گے۔پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا آج سے دبئی میں آغاز ہو رہا ہے اور افتتاحی تقریب میں جمیکن گلوکار شیگی اور علی ظفر پرفارم کرنے کے لئے بے تاب ہیں۔ افتتاحی تقریب کے شاندارانعقاد کے لیے تیاریاں مکمل ہیں، جس میں لیزر شو اور آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔ افتتاحی تقریب کی میزبانی فہد مصطفیٰ کریں گے۔ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے کرکٹرز ایکشن میں آئیں گے، ایونٹ کا پہلا مقابلہ گذشتہ سیزن کی فاتح سائیڈ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان ہوگا۔اسلام آباد کی قیادت اس بار بھی مصباح الحق کے انتہائی تجربے کار ہاتھوں میں ہے جوکہ دفاعی مہم کا کامیابی سے آغاز کرنے کیلیے پراعتماد ہیں، اس بار ٹیم کو ویسٹ انڈین آل راو¿نڈر آندرے رسل کی خدمات میسر نہیں جنھوں نے پہلی ٹرافی جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا تاہم اس بارڈوپنگ تنازع میں الجھنے کی وجہ سے وہ ایک برس کی پابندی کے باعث ایونٹ میں شریک نہیں ہوں گے، ٹیم کو شین واٹسن، اسٹیون فن، سموئل بدری، بریڈ ہیڈن اور سام بلنگز جیسے غیرملکی پلیئرز کی خدمات میسر ہیں جبکہ بیٹنگ میں شرجیل خان اور خالد لطیف امیدوں کا محور ہوں گے، سعید اجمل بھی اپنی بولنگ کا جادو جگانے کیلیے موجود ہوں گے۔دوسری جانب پشاور زلمی کی قیادت اس بار ویسٹ انڈیز کو دوبار ٹوئنٹی 20 چیمپئن بنانے والے ڈیرن سیمی کے ہاتھوں میں ہوگی جبکہ سپر اسٹار آل راو¿نڈر شاہد آفریدی تمام دباو¿ سے آزاد ہوکر اپنی کرکٹ کھیلیں گے۔ زلمی میں ایون مورگن، سمت پٹیل، تلکارتنے دلشان، کرس جورڈن کی صورت میں غیرملکی اسٹارز موجود ہیں۔