نئی دلی(ویب ڈیسک ) بھارتی میڈیا نے مقامی کرکٹر کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں ٹرپل سنچری کا پول کھول دیا۔للیتا پارک کا نام گزشتہ روز اس وقت زباں زد عام ہوا جب یہاں پر مقامی ٹی ٹوئنٹی لیگ کے ایک میچ میں مقامی کرکٹر موہت اہلاوت نے صرف 72 گیندوں پر 39 چھکوں کی مدد سے 300 رنز ناٹ آو¿ٹ بنائے تھے۔ بھارتی میڈیا نے اب گراو¿نڈ کا سائز اور کیفیت بتاتے ہوئے اس راز سے پردہ اٹھا دیا ہے۔گنجان آباد علاقہ لکشمی نگر اور کمرشل ایریا کے درمیان واقع للیتا پارک گراو¿نڈ مختلف مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، یہ بمشکل 60 میٹر لمبا اور 40 میٹر چوڑا قطعہ ہے، وکٹوں کے پیچھے باو¿نڈری 25 یارڈ ہے اور وکٹ کیپر کے پیچھے کھڑے تماشائی باآسانی گراو¿نڈ میں ہونے والی گفتگو سن سکتے ہیں، کورز پر وکٹ کے بہت قریب کنکریٹ کا بنا اسٹیج ہے، میدان دھول سے اٹا ہوا ہے۔ گراو¿نڈ کے سائز کا صحیح اندازہ لگانے کیلیے یوں کہا جا سکتا ہے کہ میلبورن کرکٹ گراو¿نڈ میں للیتا پارک جیسے پانچ گراو¿نڈ سما سکتے ہیں۔ فرینڈز پریمیئر لیگ دہلی یا ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے منظور شدہ نہیں ہے جبکہ ایونٹ کے خزانچی منوہر یادیو کے مطابق 300 روپے والی پنک بال کھیلنے کیلیے استعمال کی جاتی ہے جبکہ اسکوئر لیگ باو¿نڈری شارٹ ہونے کی وجہ سے چوکا نہیں دیا جاتا اور بیٹسمین کو صرف 2 رنز ملتے ہیں، اسکور کارڈ پر پلیئر کے پورے نام کے بجائے سنگل نام لکھا جاتا ہے کیونکہ امپائر کو گراو¿نڈ میں کھڑے ہو کر نئے آنے والے بیٹسمین کا پورا نام بتانے میں دقت ہوتی ہے۔ یادیو نے کہا کہ اہلاوت کی ٹرپل سنچری کے بعد ٹورنامنٹ کی شہرت دور دور تک پہنچ چکی ہے لیکن ہم رجسٹرڈ کلبز کو شامل نہیں کر سکتے کیونکہ ان کو فراہم کرنے کیلیے ڈریسنگ رومز اور دیگر سہولتیں یہاں موجود نہیں ہیں۔