دبئی (آئی این پی)ٹیسٹ کپتان کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ بھی اب زیادہ دیر کی بات نہیں ہے، جلد ہی بڑا اعلان ہوسکتا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ون ڈے ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کا عمل مکمل ہوچکا مگر ٹیسٹ قیادت کے حوالے سے بدستور صلاح مشورے جاری ہیں۔دبئی میں جب اظہر علی کے بارے میں فیصلہ ہورہا تھا تب مصباح الحق سے متعلق بھی بات ہوئی مگر یہ معاملہ کچھ عرصے کے لئے موخر کردیا گیا ہے۔یہ بات اب بالکل واضح ہوچکی ہے کہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان اور کوچ مکی آرتھر دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے بھی مصباح الحق کو ہی کپتان برقرار رکھنا چاہتے ہیں مگر چیف سلیکٹر انضمام الحق اس کی بھرپور مخالفت کررہے ہیں۔وہ دبئی کی میٹنگ میں اس بات کے بھی خواہاں تھے کہ مصباح کا بھی فیصلہ کرلیا جائے اور سرفراز کو تینوں فارمیٹس کی قیادت سونپ دی جائے لیکن چیئرمین شہریار خان آے آگئے۔مصباح الحق پہلے ہی فیصلہ کرچکے ہیں کہ وہ پی ایس ایل میں اپنی کارکردگی کو جانچنے کے بعد کوئی فیصلہ کریں گے۔بڑھتی ہوئی مخالفت کے پیش نظر وہ اس سے پہلے ہی اظہر علی کی طرح نہ صرف قیادت چھوڑنے بلکہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان بھی کرسکتے ہیں۔