حیدرآباد (نیوز ایجنسیاں) اسٹاربھارتی بلے باز ویرات کوہلی نے ایک اوراعزاز اپنے نام کر لیا۔ بطور ٹیسٹ کپتان مسلسل ناقابل شکست رہنے کا سنیل گواسکرکا ریکارڈ توڑ دیا۔ ویرات بطور کپتان مسلسل زیادہ ٹیسٹ میچز میں ناقابل شکست رہنے والے بھارتی کپتان بن گئے ہیں۔ کوہلی نے مسلسل 18 میچز میں ناقابل شکست رہنے کا سنیل گواسکر کا ریکارڈ توڑ دیا۔ کوہلی کی زیر قیادت بھارتی ٹیم لگاتار 19 میچز میں ناقابل شکست رہی۔سابق کپتان گواسکر کی زیر قیادت بھارتی ٹیم 1976سے 1980کے دوران لگاتار 18 میچز میں ناقابل شکست رہی تھی، اس کے ساتھ ساتھ کوہلی نے بحیثیت کپتان ابتدائی 23 ٹیسٹ میں 15 فتوحات کا رکی پونٹنگ اور مائیکل وان کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔ بھارت نے بنگلہ دیش کو واحد ٹیسٹ میں شکست دے کر یہ کارنامہ انجام دیا۔بطور کپتان ابتدائی 23 ٹیسٹ میچز میں زیادہ فتوحات کا عالمی ریکارڈ سابق آسٹریلوی کھلاڑی سٹیووا کے پاس ہے جن کی زیر قیادت کینگروز ٹیم مسلسل 17 میچز میں ناقابل شکست رہی تھی۔