میلبورن (نیوزایجنسیاں)آسٹریلین کرکٹر ایڈم ووگز نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ مہمان سری لنکن ٹیم کے خلاف آسٹریلین پرائم منسٹر الیون کی قیادت سے قبل گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آسٹریلین ٹیسٹ ٹیم کی جانب سے دو سال کھیل سے بہت لطف اندوز ہوا، یہ کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم کے خلاف میرا آخری میچ ہو گا۔ 37 سالہ ایڈم ووگز شیفلڈ شیلڈ میں تسمانیہ کے خلاف میچ میں سر پر گیند لگنے کے باعث بے ہوش ہو گئے تھے جس کے بعد وہ کسی ٹیسٹ میچ میں کینگروز ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکے تھے۔37 سالہ بیٹسمین نے 2015 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کیا تھا، اس وقت ان کی عمر 35 سال تھی، انہوں نے ڈیبیو میچ پر ناقابل شکست 130 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے عمر رسیدہ کرکٹر کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔