شارجہ( ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے ساتویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹیڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر148 رنز بنائے جس کے جواب میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹیڈ نے ہدف باآسانی 5 وکٹوں کے نقصان پر 19 اوورز میں حاصل کیا۔ مصباح الیون کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں ڈیوائن اسمتھ اور سیم بلنگ میدان میں اترے تو 39 کے مجموعی اسکور پر اسمتھ 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد بریڈ ہیڈن 6، کپتان مصباح الحق 10، شین واٹسن 36 اور آصف علی ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔سیم بلنگ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 50 گیندوں پر78 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کوئٹہ گلیڈئیٹر کی جانب سے محمد نواز نے 2، عمر گل، تھسارا پریرا اور حسن خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر سیم بلنگ کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔