اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ مزاروں اور درگاہوں کو بند کرنے کی بجائے ان کی سکیورٹی مزید بڑھا دی جائے یہ ہدایت انہوں نے جمعہ کے روز ذرائع ابلاغ کو جاری کئے گئے ایک بیان میں کی وزیر داخلہ نے کہا کہ لعل شہباز قلندر کے مزار میں خود کش دھماکے کے بعد سکیورٹی خدشات کی بنا پر اس کو بند کرنے کے حوالے سے آنے والی خبروں پر افسوس ہے انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے حملوں سے خوف زدہ ہوکر ہم محصو رہ سکتے ہیں اور نہ عمارتوں کو بند کرکے خود کو بچانے کی بچگانہ کوشش کرسکتے ہیں اس لئے چھپنے کی کوئی ضرورت نہیں بلکہ ہمت اور جواں مردی سے لوگوں کو تحفظ دیکر دہشتگردوں کو نشانہ بنائیں گے انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ مزاروں اور درسگاہوں کو سکیورٹی خدشات کی بنا پر بند کرکے عوام کے حوصلے پست نہ کئے جائیں بلکہ ان کا حوصلہ بڑھانے اور اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانے کیلئے ضروری ہے کہ ان عمارتوں کی سکیورٹی مزید بڑھا دی جائے تاکہ ناخوشگوار واقعات کا سدباب ممکن ہوسکے ۔