ڈیرہ اسماعیل خان (ویب ڈیسک)ڈیرہ اسماعیل خان میں مڈی روڈ پر سیکورٹی فورسز سے جھڑپ کے دوران 3 مطلوب دہشتگرد مارے گئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں مڈی روڈ پرسیکیورٹی فورسز نے ناکے پر ایک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے رکنے کے بجائے فائرنگ کر دی، سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 3 حملہ آور ہلاک ہو گئے۔ تینوں ہلاک دہشت گردوں کی لاشوں کو قانونی کارروائی کے لئے کلاچی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت مقبول، شفیع اورسعد کے نام سے ہوئی ، ہلاک ہونے والے حملہ آور متعدد کارروائیوں میں پولیس کو مطلوب تھے جبکہ صوبائی حکومت نے مقبول نامی ملزم کی گرفتاری کے لئے 10 لاکھ روپے انعام مقررکر رکھا تھا۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل درگاہ لعل شہباز قلندرمیں ہونے والے خودکش حملے میں 88 افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہیں جبکہ حملے کے بعد وزیراعظم اور آرمی چیف نے دہشت گردوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کے احکامات جاری کیے تھے۔