دبئی (سپورٹس ڈیسک )پاکستان سپرلیگ کا فائنل لاہور میں کروانے سے متعلق فیصلہ کل متوقع ہے ،پی ایس ایل انتظامیہ اور فرنچائز مالکان کے درمیان اہم اجلاس کل دبئی میں ہوگا۔تفصیلات کے مطابق دبئی میں کل ہونے والے اجلا س میں فرنچائز مالکان ٹیم کے کھلاڑیوں کا موقف موقف پیش کریں گے۔واضح رہے کہ اکثر غیر ملکی کھلاڑی اور فرنچائز کو لاہور میں فائنل پر تحفظات ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی پاکستان کیلئے ٹاسک فورس کے رکن اور انگلش کرکٹ بورڈ کے سربراہ جائلز کلارک نے لاہور سمیت پاکستان بھر میں دہشت گرد حملوں کے باوجود پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کا فائنل لاہور ہی میں کرانے کی حمایت کردی ہے۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جائلز کلارک نے کہا کہ ملک میں حالیہ دہت گرد حملوں کے باوجود پی ایس ایل کا فائنل لاہور ہی میں ہونا چاہیے اور یہ دہشت گردوں کو جواب ہو گا کہ ہم ان کے آگے نہیں جھکیں گے۔انہوں نے پاکستان میں کرکٹ کے انعقاد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ ہمیں کبھی بھی دہشت گردی اور دہشت گرد کو کبھی یہ اجازت نہیں دینی چاہیے کہ وہ ہمیں ڈکٹیٹ کریں کہ ہمیں کیا کرنا ہے اور کیا نہیں، ہمارے معاشرے یا اس زمین پر دہشت گردوں کی کوئی جگہ نہیں۔واضح رہے کہ ملک میں دہشت گردی کی ایک نئی لہر اٹھی ہے جس کا آغاز لاہور میں خود کش حملے سے ہوا تھا جس کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔اس کے بعد بھی چاروں صوبوں میں دہشت گرد حملوں کا سلسلہ جاری رہا اور حال ہی میں لعل شہباز قلندر کے مزار پر خود کش حملے کے نتیجے میں 90 افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔پاکستان سپر لیگ کے حکام نے رواں سال لیگ کا فائنل لاہور میں کرانے کی منصوبہ بندی کی تھی جس پر پہلے ہی شکوک کے بادل چھائے ہوئے تھے لیکن دہشت گردی کی اس نئی لہر کے بعد لاہور میں فائنل کا انعقاد انتہائی مشکل نظر آتا ہے۔تاہم جائلز کلارک نے ان دہشت گرد حملوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو مسئلہ یا اعتراض ہے وہ پیش کر سکتے ہیں لیکن انہیں شہریوں کو ہلاک یا زخمی کیے بغیر ایسا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کرکٹ کے چاہنے والے ہیں اور وہ اس بات کے مستحق ہیں کہ اپنے ہیروز اور عالمی شہرت یافتہ اسٹارز کو ہوم گراو¿نڈ پر کھیلتا ہوا دیکھیں۔اس موقع پر خصوصی گفتگو کے دوران انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور پنجاب حکومت کی جانب سے پاکستان سپر لیگ کے فائنل کیے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی۔جائلز کلارک نے کہا کہ میرا ذاتی خیال ہے کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی ایک طویل سفر ہے اور ہمیں اس کا آغاز پہلا قدم اٹھا کر کرنا ہو گا۔ یہ دنیائے کرکٹ اور پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے کہ وہ ان تمام افراد کی حمایت کریں جو ملک میں کھیلوں کیلئے محفوظ ماحول بنانے کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں تاکہ پاکستان میں اعلیٰ معیاری کرکٹ کھیلتے ہوئے دیکھی جا سکے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی ہونا چاہیے تاکہ ہم دوطرفہ سیریز کا انعقاد بھی ممکن ہو سکے کیونکہ میں جانتا ہوں کہ پاکستان میں ہر کوئی دوطرفہ سیریز کا انعقاد ہوتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہے۔انگلش کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے عندیہ دیا کہ اگر پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہوا تو وہ اسے دیکھنے کیلئے ضرور آئیں گے۔