شارجہ(ویب ڈیسک)اسلام آباد یونائیٹڈ کے 18 سالہ رائٹ آرم لیگ سپنر شاداب خان بھی انھی کرکٹرز میں سے ایک ہیں جنھیں پاکستان کی انڈر 19 ٹیم اور پھر پاکستان اے کی جانب سے کھیلنے کے بعد اب پاکستان سپر لیگ میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا ۔ شاداب خان نے پاکستان اے کی جانب سے انگلینڈ اور زمبابوے کے دورے میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ میں نے انگلینڈ میں پاکستان اے کی جانب سے سری لنکا اے کے خلاف ووسٹر میں اپنے فرسٹ کلاس کریئر کا آغاز کیا تھا اس میچ میں میں نے آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 48 رنز بنائے تھے اوردوسری اننگز میں چار وکٹیں حاصل کی تھیں جب کہ زمبابوے میں کھیلے گئے دوسرے غیرسرکاری ٹیسٹ میں نو وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ دسویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے فرسٹ کلاس کرکٹ کی اپنی پہلی سنچری بھی سکور کی تھی۔ شاداب نے کہا کہ میں محنت پر یقین رکھتا ہوں اور اپنی پوری کوشش کر رہا ہوں۔ میں پاکستانی ٹیم میں کب شامل ہوں گا یہ تو اللہ ہی جانتا ہے۔ شاداب خان کا تعلق میانوالی سے ہے لیکن انھوں نے اپنی کرکٹ راولپنڈی میں کھیلی ۔انہوں نے کہا کہ میانوالی میں کرکٹ کی سہولیات نہیں ہیں۔ میں نے زیادہ تر کرکٹ گھر میں ہی بھائی کے ساتھ کھیلی۔ پھر ہم راولپنڈی منتقل ہوگئے جہاں میں نے کلب کرکٹ شروع کی۔ میرے کلب کے صدر سجاد بھائی نے میری بھرپور حوصلہ افزائی کی پھر صبیح اظہر اور مشتاق احمد نے میری بولنگ کو بہتر کرنے میں بڑی مدد کی۔ میں نے ہمیشہ شین وارن کی بولنگ کو غور سے دیکھا ہے اور ان کی بولنگ سے سیکھنے کی کوشش کی ہے۔ شین وارن کو پسند کرنے کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ انھوں نے دنیا میں جس وکٹ پر بھی کرکٹ کھیلی اس پر آو¿ٹ کیا۔میرے پسندیدہ کرکٹر سٹیو سمتھ ہیں۔ شاداب خان کاکہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کھیل کر انھیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔