دبئی(ویب ڈ یسک) انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے مرحلے کے میچ میں اسلام آباد یونائٹیڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لئے 165 رنز کا ہدف دیا جس کا تعاقب سرفراز الیون نے شاندار آغاز میں کیا لیکن آخری چند اوورز میں میچ اسلام آباد یونائٹیڈ کے حق میں رہا۔ میچ کے آخری اوور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لئے 5 رنز درکار تھے لیکن محمد سمیع کی شاندار بولنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے باز 5 رنز نہ بنا سکے اور ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 164 رنز بنائے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے احمد شہزاد اور کیون پیٹرسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 59 اور 69 رنز بنائے جب کہ اسد شفیق 8، سرفراز احمد 3 اور انور علی 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے محمد عرفان، محمد سمیع، شاداب خان اور رومان رئیس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو رفعت اللہ مہمند اور ڈیون اسمتھ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن اسمتھ کھیل کی تیسری ہی گیند پر ذوالفقار بابر کا شکار بن گئے۔ جس کے بعد حسین طلعت اور رفعت اللہ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ پر 59 رنز جوڑے تو رفعت اللہ بھی 17 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ کپتان مصباح الحق 25، بریڈ ہیڈن 22 اور شین واٹسن 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔نوجوان بلے باز حسین طلعت نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 39 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 56 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ شاداب خان 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ذوالفقار بابر اور انورعلی نے 2،2 جب کہ حسن خان اور تھسارا پریرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 9 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست اور گزشتہ روز کراچی کنگز کو شکست دینے کے بعد سب سے پہلے پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کر چکی ہے۔