لاہور(اے این این) مصباح الحق نے دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے اختتام کے بعد کیا جائے گا ۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کا آغاز 31 مارچ سے ٹی 20 میچ سے ہو گا جس کے بعد 3 ون ڈے انٹرنیشنل اور 3 ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔ ٹی 20 میچوں کی تعداد بڑھا کر 4 بھی کی جا سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے ا سکواڈ کا اعلان لیگ کے اختتام تک ملتوی کر دیا ہے کیونکہ بورڈ حکام اس وقت فائنل میچ کی تیاری میں مصروف ہیں۔ مصباح الحق کے قریبی ذرائعنے کہا ہے کہ مصباح الحق دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کرنے کیلئے تیار ہیں تاہم انہوں نے بورڈ کو اپنے فیصلے سے آگاہ نہیں کیا۔ پی سی بی مصباح الحق کی خدمات کے اعتراف میں انہیں الوداعی سیریز دینے کیلئے تیار ہے۔ مصباح الحق ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ سے پہلے کر دیں گے تاہم پی سی بی کے ساتھ تاحال اس معاملے پر بات چیت نہیں ہو سکی ہے۔