دبئی(نیوز ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنا الوداعی میچ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہیڈکوارٹرز میں کھیلنا چاہتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کے لاہور میں انعقاد کا فیصلہ بہت بڑا ہے اور وہ اس حوالے سے پرجوش ہوں، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ‘میں اپنا آخری میچ پاکستان میں پی سی بی ہیڈکوارٹر میں کھیلنا چاہتا ہوں’۔شاہد آفریدی اپنے الوداعی میچ کے حوالے سے مبینہ طور پر پی سی بی حکام سے رابطے میں تھے لیکن معاملات کو حتمی شکل نہ دی جاسکی اور پی ایس ایل کے دوران ہی انھوں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ‘پی ایس ایل کے لاہور میں فائنل کو یقینی بنانے کی ذمہ داری مداحوں، میڈیا اور سیکیورٹی اداروں سمیت سب پر عائد ہوتی ہے’۔پشاور زلمی کے لیے کھیلنے والے بوم بوم آفریدی کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم فائنل میں جگہ بنانے کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے خلاف فتح کے حصول پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔