اسلام آباد(ویب ڈیسک) 02-03-2017افغانستان نے گھٹنے ٹیکتے ہوئے پاکستان کی طرف سے فراہم کردہ معلومات پر دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کا وعدہ کرلیاجبکہ بارڈر پوائنٹس کھولنے اورکشیدگی ختم کرنے کی درخواست کردی۔ دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق کابل میں پاکستان کے سفیر سید ابرارحسین نے افغان ڈپٹی چیف آف اسٹاف جنرل مراد علی مراد سے ملاقات کی،یہ ملاقات افغان وزارت خارجہ کی درخواست پروزارت دفاع میں 27فروری کو ہوئی جس دوران پاکستان کے ڈیفنس اتاشی بریگیڈیئر فاروق زمان بھی سفیر کے ہمراہ تھے ،جنرل مراد نے کشیدگی میں کمی اور دونوں ممالک کے درمیان کراسنگ پوائنٹس کھولنے کی درخواست کی۔ پاکستان کی طرف سے کراس بارڈر شیلنگ اورسرحدکی بندش سے عوام کو درپیش مشکلات اجاگر کرتے ہوئے افغان ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف نے کشیدگی میں کمی کیلئے کہاجبکہ انہوں نے وعدہ کیا کہ افغانستان پاکستانی معلومات پردہشتگردوں کیخلاف کارروائی کریگا۔ اس موقع پرپاکستانی سفیر نے اپنے ملک کی طرف سے کئے گئے اقدامات کی وجوہات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان میں حالیہ دہشتگردکارروائیوں میں افغان قومیت کے لوگ ملوث ہیں،لہٰذا افغانستان کو ضروری اقدامات کرتے ہوئے دہشتگردوں کواپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال کرنے سے روکنا ہوگا،بارڈر اس لئے بند کیا گیاتاکہ دہشتگردوں کی آمدورفت روکی جاسکے۔