لاہور (سید مستحسن ندیم) لاہور ہائی کورٹ کے سینئر جج مسٹر جسٹس شاہد حمید ڈار کو نیا چیف جسٹس بنانے کے لئے صلاح مشورے شروع کردیئے۔ چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار نے اپنے قریبی ساتھی ججوں سے مشاورت طلب کرلی۔ خبریں کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے مسٹر جسٹس امیر مسلم ہانی مارچ کے آخری دنوں 28 مارچ کو مدت ملازمت پوری ہوے کے بعد ریٹائرڈ ہورہے ہیں۔ انکی ریٹائرمنٹ کے فوری بعد سپریم کورٹ میں 2 سیٹیں خالی ہوجائیں گی۔ ان میں ایک سیٹ سابق چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیر جمالی کی ریٹائرمنٹ کے بعد خالی ہونی ہے۔ خبریں کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ کو سپریم کورٹ کا جج لگانے اور سینئر جج مسٹر جسٹس شاہد حمید ڈار کو نیا چیف جسٹص بنانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔ اس بارے میں چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار کی آئندہ ہفتے مسٹر جسٹس شاہد حمید ڈار سے ملاقات کا امکان ہے۔