تازہ تر ین

نواز ،زرداری کے بیک ڈور رابطے, اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) حکومت کی طرف سے فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع کے حوالے سے مجوزہ آئینی ترمیمی بل کی کاپی پیپلزپارٹی کو فراہم کر دی گئی۔ حکومتی بل کی کاپی موصول ہونے کے بعد پی پی پی نے بل میں ترامیم کیلئے مشاورتی عمل شروع کر دیا۔ قومی اسمبلی اور سینٹ کے (آج) کے اجلاس کے دوران بل کے معاملہ پر دونوں ایوانوں کے قائد حزب اختلاف اور اہم حکومتی ارکان میں غیرمعمولی ملاقات کا امکان۔ اتوار کو پیپلزپارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع کا حکومتی بل قومی اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید نویدقمر کو موصول ہو گیا ہے جس کی روشنی میں سینٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزازاحسن اور سابق وزیر قانون و انصاف فاروق ایچ نائیک نے پارٹی سطح پر تیار کئے گئے بل کو حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ حکومتی بل میں ترامیم کیلئے اپنی قیادت سے مشاورتی عمل شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق (آج) پیر کو دونوں ایوانوں میں اپوزیشن لیڈرز نے اس بل کے معاملے پر حکومتی ٹیم کی ملاقات کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت اور پیپلزپارٹی میں مذاکرات کی ناکامی پر اپوزیشن کی بڑی جماعت سینٹ میں اپنا بل متعارف کروانے کے حوالے سے بھی دیگر جماعتوں سے مشاورت کر رہی ہے جبکہ دونوں طرف سے ”بل“ متعارف ہونے پر حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈلاک کا خدشہ ہے کیونکہ کوئی بھی آئینی ترمیم دوتہائی اکثریت کے بغیر منظور نہیں ہو سکتی۔ قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج ہو گا۔ فوجی عدالتوں میں توسیع سے متعلق ترمیمی مسودہ ایوان میں پیش کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ کی 18سیاسی جماعتیں اور 10آزاد امیدوار اسمبلی بل کی رائے شماری میں حصہ لیں گے۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پر اختلافات کے باعث حکومت اور پیپلزپارٹی میں تاحال حتمی معاملات آگے نہیں بڑھ سکے۔ پارلیمنٹ کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نوازشریف اور آصف زرداری کے درمیان بیک ڈور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم اس سلسلے میں کوئی حتمی پیشرفت نہیں ہو سکی۔ سپیکر اسمبلی ایاز صادق، وزیر قانون زاہد حامد نے بھی آصف زرداری سے ٹیلیفونک رابطے کئے ہیں تاہم کوئی مثبت پیشرفت سامنے نہیں آئی۔ آج ہونے والے اجلاس میں حکومت کی جانب سے ترمیمی بل کو پارلیمنٹ میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے کوشش کی جا رہی ہے کہ پیپلزپارٹی کو فوجی عدالتوں میں توسیع کے حوالے سے ترمیمی بل پر اپنا حمایتی بنایا جائے۔سینٹ میں فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر مشترکہ حکمت عملی طے کرنے کیلئے متحدہ حزب اختلاف کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا۔ اجلاس اپوزیشن لیڈر چودھری اعتزازاحسن کی صدارت میں ہوگا۔ پیپلزپارٹی، پاکستان تحریک انصاف، عوامی نیشنل پارٹی،ایم کیو ایم اور قوم پرست جماعتوں کے اراکین سینٹ شریک ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق سینٹ میں حزب اختلاف کی پارلیمانی جماعتوں کے اس اجلاس میں فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع سے متعلق آئینی ترمیم کے بل کا جائزہ لیا جائے گا۔
فوجی عدالتیں


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain