کویت سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک ‘ایجنسیاں) کویت نے 6 سال سے پاکستانیوں پر لگائی گئی ویزا پابندی ختم کر دی، اس بات کا فیصلہ وزیراعظم نوازشریف اور امیر کویت صباح احمد جابر الصباح کے درمیان ملاقات میں کیا گیا ہے۔ دونوں سربراہان کی ملاقات کے دوران پاکستان اور کویت نے جوائنٹ بزنس کونسل بنانے اور 5 مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان اور کویت کے چیمبر آف کامرس کے درمیان مشترکہ بزنس کونسل قائم کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ خلیج تعاون کونسل۔پاکستان آزادانہ تجارتی معاہدہ سے متعلق مذاکرات کی کویت کی معاونت سے جلد بحالی کی اہمیت اور ویزا پابندیوں کو اٹھانے کی ضرورت ہے ¾ پاکستان میں توانائی اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے متعدد منصوبے ہیں جن کا غیر ملکی سرمایہ کار جائزہ لے سکتے ہیں، ہم پاکستان کے انفراسٹرکچر اور توانائی کے بڑے منصوبوں میں کویت سے مزید سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔ منگل کو وزیراعظم محمد نواز شریف نے کویت کے وزیراعظم شیخ جابر المبارک الحامد الصباح سے بایان پیلس میں ملاقات کی اور وفود کی سطح پر مذاکرات میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ایک لاکھ 14 ہزار سے زائد پاکستانی کویت میں مقیم ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا ثبوت ہے، اس سے پاکستان کی جانب سے کویت کے ساتھ تعلقات کو دی جانے والی اہمیت کا بھی اندازہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کویت طویل عرصہ سے اقتصادی اور تجارتی شراکت دار رہے ہیں اور پاکستان کویت کے ساتھ تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید بڑھانے کا خواہشمند ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن معیشت کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لینے اور اس تعاون کو آگے بڑھانے کیلئے نئے اہداف مقرر کرنے کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کی سطح کے حوالہ سے وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسے مکمل صلاحیت کے مطابق مزید بڑھانے کا ضرورت ہے۔ نجی شعبہ کے باہمی روابط کی حوصلہ افزائی سے تجارت کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ تجارتی توازن قائم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ وزیراعظم نواز شریف نے اس موقع پر دونوں ممالک کی بڑی چیمبرز آف کامرس کے درمیان پاکستان۔کویت مشترکہ بزنس کونسل قائم کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان زراعت، تعمیرات، پولٹری، لائیو سٹاک اور فشریز کے شعبوں میں تعاون کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ اس سلسلہ میں لائحہ عمل کی تیاری کیلئے دونوں ممالک کے درمیان ماہرین کے اجلاس ہونے چاہئیں۔ وزیراعظم نے خلیج تعاون کونسل۔پاکستان آزادانہ تجارتی معاہدہ سے متعلق مذاکرات کی کویت کی معاونت سے جلد بحالی کی اہمیت اور ویزا پابندیوں کو اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا جس سے کاروباری برادری کیلئے آزادانہ نقل و حرکت کی راہ میں حائل بڑی رکاوٹ دور ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی آزادانہ سرمایہ کاری پالیسی اور منافع کی اعلیٰ شرح کے ساتھ پاکستان ایک سرمایہ کاری دوست اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش ملک بن گیا ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاروں کیلئے 100 فیصد سرمائے یا مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے مواقع ہیں۔ اس وقت ایک ہزار سے زائد صف اول کی ملٹی نیشنل کمپنیاں پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں کامیابی کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں توانائی اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے متعدد منصوبے ہیں جن کا غیر ملکی سرمایہ کار جائزہ لے سکتے ہیں، ہم پاکستان کے انفراسٹرکچر اور توانائی کے بڑے منصوبوں میں کویت سے مزید سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔ مذاکرات میں وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین مفتاع اسماعیل بھی موجود تھے۔ کویت کی جانب سے وزیراعظم، کویتی وزیر دفاع، وزیر خزانہ، وزیر توانائی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی مذاکرات میں شریک تھے۔ قبل ازیں بایان پیلس آمد پر وزیراعظم محمد نواز شریف کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پارلیمانی وفود کے باہمی دوروں کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی مضبوطی اور ترقی باہمی طور پر فائدہ مند ثابت ہو گی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کویت پارلیمنٹ کے سپیکر مرذوق علی الغانم سے ملاقات کی۔ کویتی پارلیمنٹ نے وزیراعظم پاکستان اور ان کے وفد کا نیشنل پارلیمنٹ کویت آمد پر استقبال کیا اور انہیں کویتی پارلیمنٹ کی ساخت اور کام کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے باہمی دوروں کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی مضبوطی اور ترقی باہمی طور پر فائدہ مند ثابت ہو گی۔ انہوں نے دونوں چیمبرز کے کردار کو فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے چیمبرز کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو تعاون کے اگلے مرحلہ تک بڑھانے کی تجویز پیش کی جو دونوں ممالک کے درمیان بہترین تعلقات کی بہتر عکاسی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کی امنگوں کی عکاسی کیلئے روابط اور باہمی دوروں کو بڑھانے کیلئے تیار ہے۔
دوحہ، راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک)آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل قمر جاوید باجوہ نے دوہا میں قطری وزیر اعظم اور بری فورسز کے کمانڈر میجر جنرل محمد علی الغنیم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے قطری وزیر اعظم نے قطر کی ترقی میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ قطری وزیر اعظم نے علاقائی امن کیلئے پاک فوج کے کردار کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ قطر کے عوام پاکستانی عوام کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں اور پاکستان قطر کا قابل اعتماد دوست ملک ہے۔ قطری وزیر اعظم نے مزید کہا کہ سکیورٹی کے شعبے میں پاک فوج کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے درخواست کی کہ پاک فوج قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے انعقاد میں تعاون کرے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطری وزیر اعظم شیخ عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی سے ملاقات کی۔آرمی چیف نے قطری بری فورسز کے کمانڈر میجرجنرل محمد علی غنیم سے بھی ملاقات کی ، آئی ایس پی آر کے مطابق قطری وزیر اعظم نے قطر کی ترقی میں پاکستان کے کردار کو سراہا ، قطری وزیر اعظم نے علاقائی امن کے لئے پاک فوج کے کردار کی بھی تعریف کی ، قطری وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان قطر کا قابل اعتبار دوست ملک ہے ۔انہوں نے کہا کہ قطر کے عوام پاکستان کے عوام کے عوام کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور ہر مشکل میں ان کی قطر کے لئے مدد پر اعتماد کرتے ہیں ۔ انہوں نے پاکستان آرمی سے سیکیورٹی کے حوالے سے تجربات سے استفادہ کرنے اور قطر میں آئندہ فٹبال ورلڈ کپ کے حوالے سے افرادی قوت کی خواہش کا اظہارکیا ۔قطری وزیر اعظم نے سائبر سیکیورٹی ، دفاعی پیداوار اور سفری سہولیات کے حوالے سے تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطری وزیر اعظم کے اظہارپر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں تمام شعبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔میجر جنرل محمد علی غنیم الغنیم کے ساتھ ملاقات میں قطری کمانڈر لینڈ فورسز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کارکردگی کو سراہا اور مشترکہ تربیتی اور فوجی مشقوں کی خواہش کا اظہار کیا ۔ آرمی چیف نے قطری جنرل کا شکریہ ادا کیا اور انہیں تربیتی پروگرام میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطری امری گارڈ کے ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا اور میجر جنرل حاضا بن خالد الشاوانی سے ملاقات کی ۔ آرمی چیف نے احمد بن محمد ملٹری کالج کا بھی دورہ کیا۔