لاہور (خصوصی رپورٹ) لاہور کے شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ ان کے شہر کے چند قدیم درختوں کو جوبچہ پھاٹک انڈر پاس کی تعمیر کے دوران کاٹے جانے سے بچا لیا جائے۔ مغلپورہ، تاجپورہ، ہربنس پورہ، صحافی کالونی، فتح گڑھ، تاجپورہ کے مکینوں محمداسلم، خالد علی، انعام الحق سجاد منیر، عظیم الدین، ندیم احمد، منصور الحق نے ایک سروے میں وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی کہ ان کے شہر کو پرندوں کی چہچہاہٹ سے محرم نہ کیا جائے۔ ان شہریوں کا کہنا تھا کہ چند سال پہلے اسی جگہ پر بلند و بالا درختوں کا ایک گنجان سلسلہ تھا۔ ان درختوں پر طوطے، چڑیا، رنگ برنگے پرندے چہچہاتے اور گلہریاں پھدکتی پھرتی تھیں۔ مگر پھر مغلپورہ انڈر پاس اور اوورہیڈ برج کے منصوبے کی فوری تکمیل کیلئے گھنٹے درختوں کے دریا اوورہیڈ برج کے گارڈرز بنائے گئے اور پھر ان گارڈرز کو ”لفٹ“ کرنے کیلئے بیشتر بڑے بڑے درخت کاٹ دیئے گئے۔ اب گریفن کالونی سے رائل پام تک انڈر پاس بنایا جا رہا ہے۔ بے شمار درخت کاٹے جا چکے ہیں‘ تاہم پیر صادق کے مزار سے متصل برگد کا پرانا درخت ابھی تک آرا چلنے سے بچا ہوا ہے۔ اگر تھوڑی سی کوشش کی جائے تو یہ درخت بچایا جا سکتا ہے اور انڈر پاس کے عین اوپر یہ درخت خوبصورت نظارہ ہوگا۔ اسی طرح جوبچہ پھاٹک سے آگے محکمہ آبپاشی کے وسیع کمپاﺅنڈ میں موجود دو درخت ابھی تک نہیں کاٹے گئے۔ یہ دونوں درخت انڈر پاس کی تعمیر کے دوران ٹریفک چالو رکھنے کیلئے بنائی جانے والی متبادل سڑک کے درمیان میں ہیں۔ اگر یہ درخت سڑک کے درمیان موجود رہیں اور 3، 4 ماہ ٹریفک ان کے دونوں اطراف سے گزرے تو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ سروے میں بزرگوں سے زیادہ نوجوانوں کا کہنا تھا کہ درخت کتنے ضروری ہیں‘ اس بارے حکومت نے گزشتہ ماہ خود بینرز لگائے تھے۔ محکمہ جنگلات نے موسم بہار کی شجرکاری کیلئے لگائے جانے والے بینر میں درختوں کی اہمیت سے آگاہ کیا تھا۔ درخت کتنی آکسیجن دیتے ہیں‘ سایہ دیتے ہیں‘ ماحول سے آلودگی کا خاتمہ کرنے میں مددگار ہوتے ہیں۔ اگر حکومتی بینرز پر لکھے یہ سب الفاظ درست ہیں تو حکومت سے درخت لگانے کے ساتھ پرانے درختوں کو بھی بچانے کی مہم شروع کرے۔
درخت ختم