اسلام آباد(ویب ڈیسک)سابق صدرپرویز مشرف کی وطن واپسی پرسکیورٹی کے لئے ایک اوردرخواست دائر کی گئی ہے۔ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد کی عدالت میں سابق صدرپرویز مشرف کےخلاف غازی عبدالرشید قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران عدالت نے وزارت داخلہ کی جانب سے پرویزمشرف کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کے معاملے میں رپورٹ جمع نہ کرانے پربرہمی کا اظہار کیا۔پرویزمشرف کے وکیل نے اپنے موکل کی سکیورٹی کےلئے ایک اوردرخواست دائرکرتے ہوئے عدالت کے روبرو موقف اختیارکیا کہ انہوں نے اپنے موکل سے دبئی میں ملاقات کی ہے اور وہ واپس وطن آنا چاہتے ہیں جس کےلئے انہیں سیکیوٹی درکارہے جس پر فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ سکیورٹی فراہم کرنا عدالت کا کام نہیں سیکیورٹی سے متعلق پہلے ہی فیصلہ دے چکے، اب مزید بات نہیں سن سکتے جس پرسابق صدر کے وکیل نے کہا کہ وزارت داخلہ پر اعتماد نہیں، اس لئے وزارت دفاع کوسکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے۔عدالت نے وزارت داخلہ کوجواب جمع کرانے کےلئے آخری موقع دیتے ہوئے کہا کہ اگلی سماعت تک جواب جمع نہ کرایا گیا توعدالت ریڈ وارنٹ جاری کرنے سے متعلق فیصلہ دےگی۔ کیس کی مزید سماعت 21 مارچ کو ہوگی۔