اسلام آباد (آن لائن) پاکستان نے افغانستان سے دہشت گردی، اسلحہ اور منشیات کا راستہ روکنے کیلئے طویل افغان سرحد پر 2430 کلومیٹر لمبی باڑ لگانے کیلئے مرحلہ وار کام شروع کر دیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلے مرحلے میں افغان سرحد کے ساتھ خیبر پی کے اور فاٹا میں 1300 کلو میٹر تک اہم پوائنٹ پر ایف سی نے باڑ لگانے کا کام شروع کیا گیا ہے۔باڑ کے علاوہ پاکستان کے اندر گھسنے والے مشتبہ دہشت گردوں کی فضائی نگرانی کیلئے خصوصی راڈار سسٹم بھی نصب کیا جا رہا ہے جو مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھے گا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق پاکستان نے پہلے ہی چمن قندھار سرحد پر 11 سو کلومیٹر تک کھدائی کا کام مکمل کر لیا ہے منصوبے کے مطابق جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان، کرم اور مہمند ایجنسی میں مزید 4 چیک پوائنٹ قائم کئے جائیں گے تاکہ قانونی طور پر آنے والے شہریوں کو سہولتیں دی جا سکیں۔