جنیوا(ویب ڈیسک)اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ شام میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں 2016 میں بچوں کی ریکارڈ اموات ہوئی ہیں اور سب سے زیادہ زخمی بھی اسی سال سال نوٹ کیے گئے ہیں۔اقوامِ متحدہ میں بچوں کی تعلیم اور صحت کے عالمی ادارے یونیسیف کے مطابق گزشتہ برس شام میں 652 بچے ہلاک اور 647 شدید زخمی ہوئے ہیں۔ یونیسیف نے اپنی ایک رپورٹ ’’ہٹنگ راک باٹم‘‘ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہےکہ 2011 میں شامی خانہ جنگی کے بعد 2016 کا سال بچوں کے لیے سب سے ہلاکت خیزرہا ہے۔رپورٹ میں بچوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کی ہولناک داستانیں بھی بیان کی گئی ہیں۔ ادارے کےمطابق تمام واقعات کو رپورٹ کرتے ہوئے اچھی طرح تصدیق کی گئی ہے۔ اس طرح یہ سال بچوں کے لیے نہایت خطرناک اور مہلک ثابت ہوا ہے اور 2015 کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ بچے لقمہ اجل بنے ہیں۔