بیجنگ،راولپنڈی (ویب ڈیسک ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی ملاقات ، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی سکیورٹی اور خطے میں امن واستحکام کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے دفتر میں ہونے ملاقات میں وانگ یی نے امن اور استحکام کے لیے کی جانے والی پاکستانی کوششوں کا اعتراف کیا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ یی کا کہنا ہے کہ مختلف چیلنجز کے باوجود پاکستان کے اپنے ہمسایہ ممالک بھارت اور افغانستان سے اچھے تعلقات قابل تحسین ہیں۔وانگ یی کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کو درپیش چیلنجز سے واقف ہے اوراس صورتحال میں بھی پاکستان کے اپنے ہمسایہ ممالک بھارت اور افغانستان سے اچھے تعلقات قائم رکھنے پر پاکستان کی کوششوں کو سراہتا ہے۔وزیر خارجہ نے اہم نوعیت کے معاملات پر چین کو تعاون فراہم کرنے اور پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کو ‘ون بیلٹ ون روڈ’ کا حصہ سمجھنے پر بھی پاکستان کا شکریہ ادا کیا جبکہ مستقبل میں پاکستان کو چین کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باوجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنی گہری دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہےاور مستقبل میں بھی اسی جوش ولولے کے ساتھ اسے جاری رکھنا چاہتا ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی اہم معاملات پر چین کے سفارتی تعاون اور پاکستان کی علاقائی امن اور استحکام کے لیے کی گئی کوششوں کو سراہنے کا شکریہ ادا کیا۔
