لاہور(خصوصی رپورٹ)اشیائے ضروریہ کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر بڑھنے لگی ہیں جس کے باعث مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے ، ایل پی جی مزید مہنگی کر دی گئی جبکہ ایک ماہ کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 35روپے فی کلو اضافہ ہو اہے ۔30دن پہلے 70سے 75روپے فی کلو ملنے والے ٹماٹر اب 100سے 110روپے کلو فروخت کیے جا رہے ہیں۔مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ریٹ لسٹ پر قیمت 71روپے درج ہے مگر اس پر عملدرآمد نہیں ہوتا۔اسی طرح برائلر گوشت کی فی کلو قیمت 7روپے اضافے سے 249روپے ہو گئی ہے ۔دوسری جانب ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ ایل پی جی درآمدی کمپنیوں کی طرف سے گیس نہ خریدے جانے کی وجہ سے قیمتوں میں فی کلو 5روپے اضافہ ہو ا ہے جس سے گھریلو سلنڈر 50 اور کمرشل سلنڈر200روپے مہنگا ہوگا اور آئندہ دنوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے گیس کی ڈیمانڈ پوری کرنے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے لیکن قیمتیں مقرر کرنے میں اوگرا کی دخل اندازی نے ملک کا کروڑوں کا نقصان کروایا ہے اور اگر اوگرا کا یہی رویہ رہا تو ایل پی جی کمپنیوں کی طرف سے گیس کی سپلائی رکنے کا خدشہ ہے ۔ دو ماہ کے دورانیے میں صرف ایکLC کھولی گئی جس کی وجہ وہ خط ہے جو اوگرانے ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کیلئے ناقابل قبول قیمت مقرر کرنے کیلئے لکھا تھا۔ایل پی جی کی قلت قیمتیں بڑھانے کا باعث بن رہی ہے ۔حکومت سے درخواست ہے کہ ایل پی جی کی درآمد کیلئے ایسی پالیسی بنائی جائے جس سے قیمت بھی کم رہے اور درآمد بھی فیزیبل ہو جائے۔
