کراچی(ویب ڈیسک )پاکستانی گلوکاروں اور فنکاروں کے بعد رائٹر ز کو بھی بھارتی فلم انڈسٹری میں اہمیت دی جانے لگی۔ٹی وی ڈرامہ نگار حسینہ معین کے بعد اب معروف رائٹر، صحافی اور ناول نگار صباامتیاز کے مقبول ناول یو آر کلنگ می ! کو بھارتی فلم انڈسٹری میں اہمیت دی گئی ہے۔اس ناول پر مبنی نور کے نام سے فلم مکمل کرلی گئی ہے جس میں نور کا مرکزی کردار سوناکشی سنہا نے ادا کیا ہے ، پاکستان میں فلم کی نمائش کے حقوق ڈسٹری بیوٹر کلب نے حاصل کئے ہیں۔ مذکورہ فلم 21 اپریل کے دن پاکستان میں ریلیز کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں جبکہ فلم کا ٹیزر بھی جاری کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ تین دہائیوں کے بعد کسی پاکستانی رائٹر کی کہانی پر بھارتی فلمساز نے فلم بنائی ہے اس سے قبل راج کپور نے فلم حنا کا سکرپٹ حسینہ معین سے لکھوایا تھا جس میں پاکستانی اداکارہ زیبا بختیار نے حنا کا مرکزی کردار ادا کر کے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔