لندن،راولپنڈی(وجا ہت علی خان‘بیورورپورٹ ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کی سلامتی کےلئے کردار جاری رکھے گی ملکی ترقی میں بیرون ملک پاکستانیوں کا کردار قابل تعریف پاکستان میں اب کوئی نو گو ایریا نہیں، مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے سی پیک منصوبے سے خطے میں معاشی خوشحالی آئے گی ترجمان پاک فوج کے مطابق ان خیالات کا اظہار سپہ سالار پاک فوج نے لندن میں برطانوی عسکری حکام سے ملاقاتوں پاکستانی کمیونٹی اور برطانوی تھینک ٹینک رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ سے خطاب میں کر تے ہو ئے کیا اس موقع پر انہوں نے ملکی سلامتی کیلئے کردار نبھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کو نوگو ایریاز سے پاک ملک قرار دیا۔ انہوں نے افغانستان میں امن کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے پر زور دیا۔ ترجمان کے مطابق، جنرل قمر جاوید باجوہ نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اب کوئی نو گو ایریا نہیں، امن مکمل طور پر بحال ہو چکا شہری ایک کونے سے دوسرے تک بلاخوف جا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج ملکی سکیورٹی کے لئے کردار ادا کرتی رہے گی۔آرمی چیف کا برطانوی فوجی حکام سے ملاقاتوں میں کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ مل کر امن کے قیام کیلئے کام کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ دشمن کو شکست دینے کیلئے اسی طرح کے اقدامات افغانستان کو بھی کرنے چاہیں۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے برطانوی تھینک ٹینک رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ سے خطاب میں خطے کی جغرافیائی وسیاسی صورتحال پر اظہار خیال کیا ۔ اس دوران انہوںنے خطے میں امن واستحکام کیلئے پاک فوج کے کردار پر بھی بات چیت کی ۔آرمی چیف نے اپنے خطاب میں پاک چین اقتصادی راہداری کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی ۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے خطے میں معاشی خوشحالی آئے گی ۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن واستحکام خصوصاًکیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کررہا ہے ۔ اس موقع پر فورم کے شرکاءنے دہشتگردی کے خلاف جنگ اور خطے میں امن واستحکام کیلئے پاک فوج کے کردار کی بھر پور تعریف کی ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ جو برطانیہ کے دورے پر ہیں ۔ انہوںنے اپنے دورے کے دوران برطانوی سیاسی و عسکری حکام سے ملاقاتیں کی ہیں ۔ جس میں دوطرفہ دفاعی امور سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ افواج پاکستان کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ ہم خطے میں دیرپا امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، آرمی چیف جو ان دنوں سرکاری دورہ برطانیہ پر لندن میں ہیں نے پاکستان ہائی کمیشن برطانیہ میں اپنے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ ردالفساد آپریشن میں پاکستان نے خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کی ہیں جس کے نتیجہ میں آج پاکستان میں کوئی نوگو ایریا نہیں ہے۔ ملک کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک بحفاظت سفر کیا جاسکتا ہے۔ انہوںنے کہا پرامن افغانستان ہی پاکستان کیلئے امن کی ضمانت ہے اس کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے مابین بارڈر سکیورٹی میکنزم بھی باہمی امن کی ضمانت ہے۔ انہوں نے سی پیک منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پورے خطے کے مفاد میں اور علاقائی و اقتصادی ترقی کی ضمانت ہے۔ آرمی چیف نے پرامید انداز میں کہا آئندہ سال مارچ میں پورے پاکستان سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا میں ذاتی طور پر پاور پلانٹس کا دورہ کررہا ہوں۔ انہوں نے برطانیہ کی جمہوری اقدار کی ستائش کرتے ہوئے کہا میں برطانیہ کی جمہوریت، انگلینڈ کی کرکٹ اور فٹ بال ٹیم کا مداح ہوں۔ برطانیہ نے پاکستان بننے کے بعد سے آج تک ہر سطح پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ ابھی چند روز پہلے بھی برطانیہ نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان غلط فہمیاں اور دوریاں کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ آرمی چیف نے اوورسیز پاکستانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا آپ لوگ پاکستان کیلئے بہت اہم اور پاکستان کے سفیر ہیں میرا مشورہ یہ ہے کہ اوورسیز پاکستانی بجائے بڑے بڑے گھر بنانے کے اپنے آبائی وطن میں چھوٹی انڈسٹریاں لگانے پر دوردیں۔
