راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اعلان کیاہے کہ ملک میں جاری مردم شماری کو ہرقیمت پر مکمل کیا جائے گا۔ پاک فوج کے ادارہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف نے راولپنڈی میں مردم شماری سپورٹ سینٹر کا دورہ کیا ، سپورٹ سینٹرپہنچنے پر آرمی چیف کالیفٹیننٹ جنرل زاہدلطیف مرزانے استقبال کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو ملک میں جاری مردم شماری سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری کیلئے بہترین انداز میں کام جاری ہے، فوج مردم شماری کے عمل کی مثبت اندازمیں تکمیل کو قومی فریضہ سمجھتی ہے اور ملک میں مردم شماری کو ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا۔ ان کا کہناتھا کہ مردم شماری بہتر اندازمیں آگے بڑھنے کا عمل حکومت ،فوج کی مشترکہ کامیابی ہے۔ آرمی چیف نے اس موقع پر مہم کے دوران شہید جوانوں اور مردم شماری کے عملے کو خراج عقید ت بھی پیش کیا۔
