لاہور(کلچرل رپورٹر) بہت سے دیگرالزامات کے بعد بھارتی میڈیا نے اب پاکستان پر ڈراموں کی نقل کا الزام بھی لگایا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ایک نجی ٹی وی سے ان دنوں ڈرامہ”ناگن“آن ایئر ہے جس کی کاسٹ میں جاناں ملک،ریشم، شین، عمران احمد،عائشہ جاویدبٹ ، ضیاخان اوررشیدعلی سمیت بہت سے فنکار کام کررہے ہیں۔اس ڈرامے کے آن ایئرہونے سے پہلے جب چینل اور سوشل میڈیا پر پرموشن کا آغازکیا گیا تو بھارتی میڈیا نے اس کی مخالفت شروع کرتے ہوئے یہ تاثر دیا یہ ڈرامہ بھارتی ڈرامے ”ناگن“کی نقل ہے جو کچھ عرصہ پہلے ایک بھارتی چینل سے نشرکیا گیا تھا۔ بھارتی میڈیا سے وابستہ افراد نے سوشل میڈیا پر ایک باتصویرمہم کا آغاز کیا ہے جس میں نہایت طنزیہ اندازمیں پاکستانی ڈرامے اور فنکاروں کو مخاطب کرکے کہ کہا گیا ہے وہ ہمارے ڈرامہ جیسا ڈرامہ بنانے کا خواب بھی نہیں دیکھ سکتے۔اس سلسلے میں پاکستانی ڈرامے”ناگن“ کا ٹائٹل رول کرنے والی اداکارہ جاناں ملک کا کہنا ہے پاکستانی ڈرامہ کسی بھی بھارتی ڈرامے کی نقل نہیں کیونکہ جس طرح کے ڈرامے وہاں بنائے جاتے ہیں ان کا ہمارے کلچرسے کوئی تعلق نہیں ہے ۔اسی طرح بھارت میں سانپوں کے بارے میں جو تھیوری ہے اس کا ہمارے نظریات سے کوئی تعلق نہیں ہے ،پاکستان نے ماضی میں بھی بہترین ڈرامہ بنایا جو آج تک بھارت میں نقل کیا جارہا ہے ۔ہم نے نہیں بلکہ بھارت نے ہمیشہ ہمارے ڈراموں کی نقل کی ہے ۔