لاہور(آئی این پی) بھارت کی ویزوں کے اجرا میں ٹال مٹول کے باعث پاکستان کی ایشین اسکواش چیمپئن شپ میں شرکت بھی دشوار ،بھارت نے اب تک قومی اسکواش ٹیم کو ویزے جاری نہیں کئے۔ایشین اسکواش چیمپئن شپ 26 اپریل سے چنائی میں شروع ہو رہی ہے،جس میں شرکت کیلئے پاکستانی ٹیم کو گزشتہ روز روانہ ہونا تھا۔لیکن ابھی تک بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے ویزے جاری نہیں کیے گئے۔پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکرٹری ونگ کمانڈر طاہر سلطان کا کہنا ہے کہ بھارت کا پاکستانی ٹیم کو سیکیورٹی کلیئرنس نہ دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ایشین اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کی جانب سے فرحان محبوب، فرحان زمان، طیب اسلم اور وقار محبوب کو شرکت کرنا تھی۔انہوں نے کہا کہ وہ کھلاڑیوں کی تیاری دیکھ کر پورے یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ اگر ایونٹ میں شرکت کا موقع ملا تو پاکستان کو کامیابی سے کوئی روک نہیں سکے گا۔