اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزرات داخلہ کو حساس اداروں کی جانب سے رپورٹ موصول ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پی او ایف واہ میں یوم مزدور کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں دہشت گردی کا خطرہ ہے جب کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ایجنسیاں حساس اداروں کو محفوط نہیں کرسکتیں تو ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔حساس اداروں نے وزارت داخلہ کو رپورٹ بھیجی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ میں دہشت گردی کا خطرہ ہے اور یوم مزدور کی مناسبت سے منعقدہ تقریب پر دہشت گرد کارروائی کرسکتے ہیں لہذٰا تقریب میں مدعو وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار اور دیگر 2 وفاقی وزرا شرکت سے گریز کریں۔دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ایجنسیاں اگر حساس اداروں کو بھی محفوظ نہیں کرسکتیں تو ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہو گا، اگر پی او ایف کے مزدور محفوظ نہیں تو ہمیں بھی اپنے تحفظ کی پرواہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی برسوں سے یکم مئی کو پی او ایف ملازمین کی تقریب ہورہی ہے اس روایت کو کسی صورت رکنے نہیں دیا جائے گا اور آج بھی یہ تقریب پروگرام کے مطابق ہوگی جب کہ مجھ سمیت وفاقی وزرا بھی اس میں ضرور شرکت کریں گے۔